• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

راولپنڈی کا نظر انداز شدہ مندر، پاکستان کے مشترکہ مذہبی و ثقافتی ماضی کی یادگار

راولپنڈی (اے ایف پی) راولپنڈی کے شہری پھیلاؤ میں بجلی کی الجھی ہوئی تاروں اور اشتہاری بل بورڈز کے درمیان سے بلند ہوتا ہوا ایک ہندو مندر کا مینار شہر کے مذہبی تنوع پر مبنی ماضی کی یاد دلاتا ہے۔ محقق حسان توصیف نے خبر رساں ادارے اے ایف پی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مسلم اکثریتی ملک پاکستان میں واقع یہ مندر راولپنڈی کی تاریخ کے ایک ایسے مختلف دور کی عکاسی کرتا ہے، جب مختلف مذاہب اور متنوع ثقافتوں سے تعلق رکھنے والی برادریاں شہر میں مل جل کر آباد تھیں اور باہمی ہم آہنگی کے ساتھ زندگی گزارتی تھیں۔ حسان توصیف کے مطابق، 19ویں صدی میں تعمیر ہونے والے اس مندر کا بیرونی حصہ خستہ حالی کا شکار ہے۔ یہ مندر شہر کے مرکزی تجارتی علاقے راجہ بازار میں واقع ہے۔ مندر کے اطراف کی گنجان سڑکوں پر موٹر سائیکلوں کے مسلسل ہارن اور ٹریفک کے شور کے درمیان، ایک سنار مندر کے زیریں حصے میں اپنی زیورات کی دکان چلا رہا ہے۔ ماہرِ تعمیرات اور ثقافتی ورثے کے محقق حسان توصیف کے مطابق، یہ غیر آباد مندر راولپنڈی کے ان 39 ہندو مندروں میں سے ایک ہے جو اب بھی موجود ہیں۔ ان میں سے صرف تین مندر شہر کی سکڑتی ہوئی ہندو برادری کی مذہبی ضروریات پوری کر رہے ہیں، جبکہ باقی مندروں کو رہائشی مکانات، دکانوں اور دیگر تجارتی و کاروباری مقاصد کے لیے استعمال کیا جا رہا ہے۔

ملک بھر سے سے مزید