لاہور (کرائم رپورٹر) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب عبدالکریم نے ڈسٹرکٹ پولیس لائنز قلعہ گجر سنگھ کا دورہ کیا جہاں پولیس کے چاق و چوبند دستے نے انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا۔ آئی جی پنجاب نے شہدا کی یادگار پر پھول چڑھائے، سلامی پیش کی اور شہدا کے درجات کی بلندی کے لیے دعا کی۔آئی جی پنجاب عبدالکریم کی زیر صدارت لاہور پولیس کے افسران کا اجلاس عام منعقد ہوا جس میں سی سی پی او لاہور ایڈیشنل آئی جی بلال صدیق کمیانہ، ڈی آئی جیز، ایس ایس پیز، ایس پیز، ایس ڈی پی اوز، ایس ایچ اوز اور انوسٹی گیشن افسران نے بھرپور شرکت کی۔سی سی پی او لاہور بلال صدیق کمیانہ نے بتایا کہ لاہور پولیس کے ٹارگٹڈ آپریشنز اور مربوط حکمت عملی کے باعث گزشتہ چار سال سے جرائم کا گراف مسلسل نیچے آیا ہے۔ رواں سال رابری، کار چوری اور چھیننے کی وارداتوں میں 68 فیصد جبکہ سنگین جرائم میں 46 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ آئی جی پنجاب عبدالکریم نے کہا کہ لاہور پورے ملک میں سیاسی، مذہبی، معاشی اور ثقافتی سرگرمیوں کا مرکز ہے۔ لا اینڈ آرڈر، سکیورٹی اور کرائم کنٹرول کے حوالے سے لاہور ڈسٹرکٹ کی مجموعی کارکردگی قابل تحسین ہے۔انہوں نے کہا کہ لاہور میں کوئی نوگو ایریا، انڈر ورلڈ مافیا، گینگ، قبضہ گروپ یا بدمعاشوں کا موجود نہ ہونا انتہائی خوش آئند ہے۔ لاہور کی پولیسنگ ملک بھر میں سب سے مشکل ہے، ایسے میں کرائم برخلاف پراپرٹی اور پرسن میں مسلسل کمی پولیس افسران کی محنت اور ٹیم ورک کی عکاس ہے۔ آئی جی پنجاب نے کہا کہ لاہور کو پرامن شہر بنانے میں سی سی ڈی، سپیشل برانچ، ایلیٹ پولیس، ٹریفک پولیس سمیت تمام پولیس یونٹس نے بھرپور کردار ادا کیا ہے ۔آئی جی پنجاب نے ہدایت کی کہ ایس ایچ اوز فیلڈ آپریشنز میں قواعد و ضوابط کے مطابق دانشمندانہ رویہ اختیار کریں، ایس پیز اور ایس ڈی پی اوز آپریشنل و انوسٹی گیشن امور میں ذمہ دارانہ کردار ادا کریں جبکہ ایس ایچ اوز اور تفتیشی افسران سرکاری امور میں سینئر افسران کے ساتھ کوآرڈینیشن مزید بہتر بنائیں۔ دورے کے اختتام پر آئی جی پنجاب عبدالکریم اجلاس عام میں شریک افسران سے فرداً فرداً ملے اور ان کے مسائل بھی دریافت کیے۔