لاہور( کرائم رپورٹر): وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر پنجاب پولیس کے زیراہتمام انوسٹی گیشن امور میں بہتری اور اصلاحات کے حوالے سے سمپوزیم کا انعقاد کیا گیا جس میں ایسوسی ایشن آف فارمر انسپکٹرز جنرل آف پولیس (AFIGP) پنجاب چیپٹر کے عہدیداران اور سابق آئی جیز نے شرکت کی۔اس موقع پر صدر اے ایف آئی جی پی پنجاب چیپٹر سابق آئی جی احمد نسیم، سابق آئی جیز طارق کھوسہ، غلام حیدر مارتھ، امجد سلیمی، خواجہ خالد فاروق، ایم رفیق حسن، شوکت حیات، شوکت جاوید، ایڈیشنل آئی جی اسلم ترین سمیت دیگر عہدیداران پر مشتمل وفد نے سنٹرل پولیس آفس کا دورہ کیا۔ اور آئی جی پنجاب عبدالکریم سے ملاقات کی۔آئی جی ریلوے پولیس و سابق ایڈیشنل آئی جی انوسٹی گیشن پنجاب شہزادہ سلطان نے پنجاب پولیس انوسٹی گیشن برانچ کی کارکردگی، درپیش چیلنجز اور مسائل پر شرکاء کو تفصیلی بریفنگ دی۔ سمپوزیم کے شرکاء نے انوسٹی گیشن امور میں اصلاحات، افسران و اہلکاروں کی ٹریننگ اور وسائل میں بہتری کے حوالے سے اپنی تجاویز پیش کیں۔سابق آئی جیز نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی جانب سے انوسٹی گیشن پنجاب کی بہتری کے لیے بھرپور سرپرستی اور اقدامات کو سراہا۔ اے ایف آئی جی پی کے عہدیداران نے ملک و قوم کے تحفظ اور دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پنجاب پولیس کے شہدا کی لازوال قربانیوں کو خراج عقیدت بھی پیش کیا۔آئی جی پنجاب عبدالکریم نے کہا کہ انوسٹی گیشن پولیسنگ، پالیسی امور، اصلاحات، ٹریننگ اور سکلز ڈویلپمنٹ کے شعبوں میں سابق آئی جیز کے تجربات اور مشاورت سے بھرپور استفادہ کیا جا رہا ہے۔ پنجاب پولیس انوسٹی گیشن کی پیشہ ورانہ استعداد کار اور ترقی میں سابق آئی جیز کے تجربات، مشاورت اور فیڈ بیک سے بے حد مدد ملی ہے۔صدر اے ایف آئی جی پی احمد نسیم نے کہا کہ ایسوسی ایشن انوسٹی گیشن پنجاب کی پیشہ ورانہ مہارتوں میں اضافے، ٹریننگ اور افسران کی گرومنگ کے حوالے سے بھرپور معاونت فراہم کرے گی۔سمپوزیم کے موقع پر آئی جی ریلوے پولیس و سابق ایڈیشنل آئی جی انوسٹی گیشن پنجاب شہزادہ سلطان، ایڈیشنل آئی جی انوسٹی گیشن پنجاب محمد کامران خان، ڈی آئی جی ٹیلی کمیونیکیشن کامران عادل، ڈی آئی جی لیگل، ڈی آئی جی انوسٹی گیشن لاہور، ایس پی انوسٹی گیشن پنجاب اور اے آئی جی ایڈمن اینڈ سکیورٹی فاروق سلطان سمیت دیگر سینئر پولیس افسران بھی موجود تھے۔