• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بی آئی سی وی ڈی میں غیر شفاف تعیناتیوں کو مسترد کرتے ہیں، کاشف بلوچ

کوئٹہ ( اسٹاف رپورٹر) بے روزگار فارماسسٹ ایکشن کمیٹی بلوچستان کے صدر کاشف بلوچ، ڈاکٹر نبیل شاہ اور جعفر کاکڑ نے بی آئی سی وی ڈی میں ہونے والی مبینہ غیر شفاف تعیناتیوں کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ ان تعیناتیوں کا نوٹس لیکر میرٹ پر بھرتیاں یقینی بناکر ہمیں انصاف دلایا جائے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نےکوئٹہ پریس کلب میں پریس کانفرنس کے دوران کیا۔انہوں نے کہا کہ 8 ماہ قبل بی آئی سی وی ڈی میں تعیناتیوں کی لسٹیں منظر عام پر لانے کی بجائے من پسند افراد کو چپکے سے آرڈر تقسیم کئے جارہے ہیں اگر بھرتیاں میرٹ پر ہوئی ہیں تو چھپ چھپ کر کیوں بند کمروں میں آرڈرز دیئے جارہے ہیں ۔ فارماسسٹ پانچ سال کی سخت محنت کے بعد سخت ترین حالات اور غربت کا سامنا کرکے ڈگری حاصل کرنے کیلئے اپنے گھر اور مال مویشی فروخت کرکے اپنے بہتر مستقبل کیلئے تعلیم حاصل کرتے ہیں لیکن ان کے خواب ادھورے رہ جاتے ہیں انہوں نے کہا کہ ہمارے ڈویژنز کی پوسٹوں پر کسی اور ڈویژن کے لوگوں کو لگایا جاتا ہے جوکہ ظلم ہے۔ بلوچستان میں 2000 سے زائد فارماسسٹس بے روزگار ہیں 2000 ڈگریاں، 2000 خاندان، 2000 ڈگری ہولڈر فارماسسٹس نوجوانوںکو کنٹریکٹ کی بجائے مستقل روزگار فراہم کیا جائے سالانہ 400 سے زائد فارماسسٹ تعلیم مکمل کررہے ہیں اس سے قبل بھی نوجوان بے روزگار ہیں آنے والے کہاں جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ بے روزگار فارماسسٹ ایکشن کمیٹی بلوچستان کے عہدیداران بی آئی سی وی ڈی گئے تو انہیں اندر جانے کی اجازت نہیں دی گئی اہل نوجوان باہر کھڑے رہے سفارشیوں کو آرڈرز تقسیم کئے گئے اس لئے ہمارا مطالبہ ہے کہ کی جانے والی بھرتیوں کی تحقیقات کرکے میرٹ پر لوگوں کو بھرتی کرکے حقداروں کو حق دیا جائے۔
کوئٹہ سے مزید