کوئٹہ ( اسٹاف رپورٹر) ڈائریکٹر جنرل خانہ فرہنگ ایران کوئٹہ سید ابوالحسن میری نے کہا ہے کہ شاعر مشرق علامہ محمد اقبال کے افکار اور فلسفہ خودی کو نوجوان نسل میں عام کرنا وقت کی ضرورت ہے،مفکراسلام علامہ محمد اقبال لاہوری کی شاعری ملت اسلامیہ کے احیا پر مرکوز تھی ان خیالات کا اظہار انہوں نے بلوچستان ریفارمز سوشل نیٹ ورک اور بلوچستان ریفارمز ادبی سوسائٹی کے زیر اہتمام منعقدہ اقبال لٹریری فیسٹیول کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا اس موقع پر سابق بیوروکریٹ سرور جاوید،جامعہ بلوچستان کی پروفیسر فائزہ میر،پرنسپل پبلک ہیلتھ اسکول ڈاکٹر صفیہ مینگل،بلوچستان ریفارمز کے صدر ڈاکٹر فرحت حسین،فائزہ سکندراور دیگر نے بھی خطاب کیا قبل ازیں فیسٹیول میں مختلف اسکولز کے بچوں کے مابین تقریری مقابلوںکا انعقاد کیا گیااور کتاب میلہ بھی لگایا گیا جبکہ تقریب کے اختتامی سیشن میں محفل مشاعرہ کا بھی انعقاد کیا گیا مقررین نے کہا کہ علامہ اقبال محض شاعر نہیں بلکہ ایک عظیم مفکر اور فلسفی تھے، جن کا فلسفہ نوجوان نسل میں خود اعتمادی، بیداری اور عملی جدوجہد کا جذبہ پیدا کرتا ہے اہل اسلام کو دور جدید کے چیلنجز سے نمٹنے کے لئے فکر اقبال پر عمل کی ضرورت ہے۔