کوئٹہ ( اسٹاف رپورٹر) اکیڈمک اسٹاف ایسوسی ایشن، جامعہ بلوچستان نے کہا ہے کہ 52 کروڑ 50 لاکھ روپے سے زائد رقم موجود، پھر ریٹائرڈ اساتذہ اور افسران کو ادائیگی کیوں نہیں؟ ریٹائرڈ اساتذہ اور افسران کے واجبات فوری طور پر ان کے بینک اکاؤنٹس میں منتقل کیے جائیں۔ مزید تاخیر ناقابلِ قبول ہے اکیڈمک اسٹاف ایسوسی ایشن جامعہ بلوچستان نے مطالبہ کیا ہے کہ حکومت بلوچستان کی جانب سے ریٹائرڈ ملازمین کے واجبات کی ادائیگی کے لیے فراہم کردہ 52 کروڑ 50 لاکھ روپے سے زائد کی مکمل رقم بلا تاخیر مستحق ریٹائرڈ اساتذہ، افسران کے اکاؤنٹس میں منتقل کی جائے۔ 2020ء سے اب تک جامعہ بلوچستان کے 150 سے زائد اساتذہ، افسران اور ملازمین ریٹائر ہو چکے ہیں، مگر تاحال انہیں اپنے پنشن واجبات، کمیوٹیشن اور لیو انکیشمنٹ کے حصول کے لیے انتظار کرنا پڑ رہا ہے۔ ان سینئر ساتھیوں نے اپنی زندگی کے 30 سے 35 سال جامعہ بلوچستان کی خدمت میں گزارے ہیں۔ آج اپنی زندگی کے اس مرحلے پر انہیں اپنے ہی جائز حقوق کے حصول کے لیے دربدر ہونا پڑ رہا ہے، جو انتہائی افسوس ناک ہے۔اکیڈمک اسٹاف ایسوسی ایشن نے اس اہم مسئلے پر یونیورسٹی انتظامیہ سے بارہا رابطے کیے، متعدد ملاقاتیں کیں اور تحریری درخواستوں کے ذریعے مطالبہ کیا کہ جیسے ہی رقم دستیاب ہو، اسے فوری طور پر مستحق ریٹائرڈ ملازمین کے اکاؤنٹس میں منتقل کیا جائے۔