اسلام آباد( نیوز رپورٹر)وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ’’اپنا گھر پروگرام‘‘ کے تحت اگلے 6ماہ میں ایک ہزار ارب روپے کے قرضوں کی تقسیم کے سنگ میل کے حصول کیلئے تیز ترعملی اقدامات اٹھانے پر زور دیتے ہوئےکہا ہے کہ مستحق خاندانوں کو گھر کی فراہمی قومی ذمہ داری ہے، قرضوں کی تقسیم کے مطلوبہ ہدف کے حصول کیلئے تمام رکاوٹیں اور مشکلات ملکر دور کی جائیں، بینک قرضوں کی منظوری میں تیزی لائیں اور اس بات کو یقینی بنائیں کہ مستحق شہریوں کو بلا تاخیر اپنے گھر کی تعمیر کیلئے مالی سہولت میسر آئے، قرضوں کی منظوری میں تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی اور اس قومی منصوبے میں کسی قسم کی سیاسی سفارش یا اقرباء پروری کی کوئی گنجائش نہیں، یہ وہ پاکستان نہیں تھا جس کا خواب قائداعظم نے دیکھا تھا، وفاق اور صوبوں کو مل کر تیزی سے اقدامات کرنا ہوں گے کیونکہ وقت کسی کا انتظار نہیں کرتا۔ وزیراعظم نے ان خیالات کا اظہار پیرکو ’’وزیراعظم اپنا گھر پروگرام‘‘ کے تحت 100 ارب روپے سے زائد کے قرضوں کی تقسیم کے سنگ میل کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ اپنا گھر پروگرام کے تحت بینکوں کے ذریعے قرضوں کی فراہمی میں شفافیت اور میرٹ کو یقینی بنایا گیا ہے اور ان کی معلومات کے مطابق اس عمل میں کرپشن یا اقرباء پروری کا کوئی واقعہ سامنے نہیں آیا جو ایک بڑی کامیابی ہے۔ انہوں نے اس منصوبے کے آغاز اور کامیابی میں کردار ادا کرنے پر وزیر ہاؤسنگ، وزیر خزانہ، گورنر اسٹیٹ بینک، سیکرٹری خزانہ اور تمام متعلقہ بینکوں کا شکریہ ادا کیا۔انہوں نے کہا کہ بینکوں، حکومت اور متعلقہ اداروں کا مشترکہ مقصد اس منصوبے کو مکمل شفافیت کے ساتھ آگے بڑھانا ہے۔ انہوں نے اس امر کو سراہا کہ قرض حاصل کرنے والے کسی شہری سے اس کی سیاسی وابستگی کے بارے میں نہیں پوچھا گیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ انہوں نے بینکوں کو واضح ہدایت کی تھی کہ اگر کوئی غلط سفارش، حتیٰ کہ وزیراعظم کی طرف سے بھی آئے تو بینک اسے مسترد کر دیں، کیونکہ یہ قومی وسائل ہیں اور ان پر حق صرف مستحق افراد کا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں ہاؤسنگ سکیموں کا رخ بڑے اور شاہانہ گھروں کی طرف رہا، حالانکہ اشرافیہ کو ایسے قرضوں کی ضرورت نہیں ہوتی۔