اسلام آباد (عاصم جاوید) اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس خادم حسین سومرو نے نیب کے پرائیویٹ کمپنی سے ملازمین کی خدمات لینے کے معاملہ میں سخت برہمی کااظہار کرتے ہوئے ریمارکس دئیے کہ یہ بہت افسوس کی بات ہے کہ نیب جیسے اہم ادارے میں پرائیویٹ لوگ بھرتی کئے جا رہے ہیں، نیب کے پاس حساس معلومات ہوتی ہیں، پرائیویٹ لوگ کیسے کام کر سکتے ہیں؟ پہلے نیب خود کیساتھ انصاف کرے گا تو پھر عوام کیساتھ انصاف ہو گا، ایک پرائیویٹ کمپنی سے کنٹریکٹرز کو نیب نے اٹھا لیا۔ گذشتہ روز ایاز محمد طاہر کی درخواست پر سماعت کے دوران درخواست گزار کے وکیل ضمیر لغاری نے موقف اختیار کیاکہ پہلے انہوں نے ملازمین کو کنٹریکٹ پر بھرتی کیا، سروسز لیتے رہے، ان کو ریگولرائز نہیں کیا اور پرائیویٹ کمپنی سے کنٹرکٹ پر سروسز لے رہے ہیں۔ جسٹس خادم حسین سومرو نے کہاکہ ہم نیب کو بلا کر پوچھ لیتے ہیں کہ یہ سب کچھ کیوں کر رہے ہیں۔بعد ازاں فاضل عدالت نے نیب سے جواب طلب کرتے ہوئے سماعت پیر تک ملتوی کر دی۔