• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی دودھ دینے والی گائے، پیپلز پارٹی الگ نہیں کرنا چاہتی، تجزیہ کار

کراچی (ٹی وی رپورٹ) تجزیہ کاروں سہیل وڑائچ، ارشاد بھٹی، محمل سرفراز اور سلیم صافی نے کہا ہے کہ کراچی دودھ دینے والی گائے ہے، پیپلز پارٹی اسے خود سے الگ نہیں کرنا چاہتی۔ نون لیگ یہ مان چکی ہے کہ ابھی نئے صوبوں سے متعلق اقدامات کرلیں لیکن نفاذ 2029میں کرلیں۔نئے نظام سے چیزیں بہتر ہوں گی اور نئے سیاسی چہرے بھی سامنے آئیں گے اور دو خاندانوں سے جان بھی چھوٹ جائے گی۔ وہ جیو نیوز کے پروگرام ”رپورٹ کارڈ“ میں گفتگو کررہے تھے۔ تفصیلات کے مطابق پروگرام کی میزبان علینہ فاروق کےسوال کہ کیا موجودہ اختلاف حکومتی اتحاد کیلئے بڑا خطرہ ثابت ہوسکتے ہیں؟کے جواب میں تجزیہ کار سہیل وڑائچ نے کہا کہ سب سے بڑا مسئلہ یہی ہے کہ اس فیصلے کے بعد موجودہ سیٹ اپ اسی صورت میں برقرار رہے گا اور کم سے کم یہ کوششیں تو ہو رہی ہیں کہ موجودہ سیٹ اپ ریفرنڈم اور صوبوں کے ووٹ تک برقرار رہے۔ تاہم سیاسی جماعتوں کو یقینا مسائل ہیں لیکن بنیادی سوال ہے یہ ہے کہ اس فیصلے کے نفاذ کے بعد ملک پر کیا اثر پڑے گا ۔ میں جولائی میں ہی آگاہ کر چکا تھا کہ حکومت کا زوال شروع ہوچکا ہے چونکہ پانچ بجٹ دینے کے بعد بھی کوئی معاشی بہتری آسکی نہ سیاسی استحکام اور سسٹم میں یہ احساس شدت سے پایا جاتا ہے کہ کچھ ڈیلور نہیں ہو رہا ہے۔ نون لیگ یہ مان چکی ہے کہ ابھی نئے صوبوں سے متعلق اقدامات کرلیں لیکن نفاذ 2029 میں کرلیں۔ ۔ تجزیہ کار ارشاد بھٹی نے کہا کہ بلاول بھٹو کہہ رہے ہیں میں خود مایوس ہوں۔ حکومت کمزور پڑ رہی ہے موجودہ نظام ڈیلیور نہیں کر رہا ہے۔حکومت میں شامل دونوں بڑی جماعتوں کا کہنا ہے کہ 2029 کے بعد صوبے بنا لیں یعنی ایک دفعہ ہمیں پھر اقتدار میں لے کر آئیں اور بنا لیں اور اسی پر رسا کشی جاری ہے کوئی خاموشی سے اور کوئی سامنے آکر چالیں چل رہا ہے۔ نئے نظام سے چیزیں بہتر ہوں گی اور نئے سیاسی چہرے بھی سامنے آئیں گے اور دو خاندانوں سے جان بھی چھوٹ جائے گی۔ ۔ تجزیہ کار محمل سرفراز نے کہا کہ پچھلے دو تین ہفتے میں پیشرفت ہوئی ہے اس سے محسوس ہو رہا ہے دراڑ پڑ گئی ہے۔ پنجاب اور وفاقی حکومت اپنا دورانیہ پوری کرنا چاہتے ہیں۔ یہ بات بھی واضح کر دی گئی ہے کہ نئے صوبوں سے متعلق مانیں یا نہ مانیں لیکن یہ لازمی ہوگا۔ ۔ تجزیہ کار سلیم صافی نے کہا کہ پیپلز پارٹی کا حلقہ انتخاب سندھ اور نون لیگ کا پنجاب ہے ۔ اس وقت اسٹیبلشمنٹ صوبے بنانا چاہتی ہے اور انہوں نے اس کو ملک کی بقاء سے جوڑ دیا ہے اور وہ سمجھتے ہیں اس میں تاخیر بھی نہیں ہونی چاہئے۔ پیپلز پارٹی کا مسئلہ یہ ہے کراچی دودھ دینے والی گائے ہے اور وہ اسے اپنے سے الگ نہیں کرنا چاہتے اس لئے وہ سندھ کو متحد رکھنا چاہتے ہیں۔

ملک بھر سے سے مزید