• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

غیر رجسٹرڈ، انڈین ساختہ اور مبینہ جعلی ادویات کے خلاف کارروائی، بھاری مقدار میں ادویات برآمد

کراچی( ثاقب صغیر )ایف آئی اے کمپوزٹ سرکل مردان نے صوبائی ڈرگ انسپکٹرز کے ہمراہ غیر رجسٹرڈ، انڈین ساختہ اور مبینہ جعلی ادویات کی غیر قانونی آن لائن فروخت اور ترسیل کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے بھاری مقدار میں ادویات برآمد کر لیں۔ کارروائی مصدقہ خفیہ اطلاع پر کی گئی۔ ایف آئی اے ٹیم نے پہلے مردان میں نجی کوریئر سروس پوسٹ ایکس (PostEx) کے دفتر کا دورہ کیا جہاں ترسیل کے لیے بک کرائی گئی مبینہ جعلی ادویات کو قبضے میں لے لیا گیا۔ کوریئر ریکارڈ کی مدد سے بھیجنے والے کی شناخت کے بعد ٹیم نے باغیچہ ڈھیری مردان میں مبینہ فروخت کنندہ زاہد حسین کے ٹھکانے پر چھاپہ مارا، جہاں سے غیر رجسٹرڈ، انڈین ساختہ اور مبینہ جعلی ادویات کی بھاری مقدار برآمد کر لی گئی۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق ملزم فیس بک اور دیگر سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر اسمارٹ ہیلر (Smart Healer) کے نام سے صفحات چلا کر مذکورہ ادویات کی آن لائن تشہیر اور فروخت میں ملوث تھا۔ چھاپے کے دوران اسمارٹ ہیلر فارماسیوٹیکلز کے نام سے تیار کردہ پیکنگ اسٹیکرز بھی برآمد کیے گئے۔برآمد شدہ ادویات کے نمونے حاصل کرکے کیمیائی تجزیے کے لیے ڈرگ ٹیسٹنگ لیبارٹری (DTL) بھجوا دیے گئے ہیں۔ لیبارٹری رپورٹ موصول ہونے کے بعد مزید قانونی کارروائی اور تفصیلی انکوائری عمل میں لائی جائے گی۔

ملک بھر سے سے مزید