کراچی ( اسٹاف رپورٹر)چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ ملک کا بچے بچے کو کرپشن سے نفرت ہے، نوجوانوں کا نظام پر اعتماد بحال کرنا ہوگا، جو بھی ری سیٹ ہوگا جمہوری ہوگا،اگر سسٹم ری سیٹ ہوگا تو عوام کے اعتماد میں اضافہ ہوگا، نوجوان ایسا پاکستان چاہتے ہیں جہاں کرپشن نہ ہو، اختلاف رائے کو ایک طرف رکھ کر قومی مفاد کیلئے سوچنا ہوگا، ایسا نظام بنانا ہوگا جس پر نہ صرف عوام اور حکومت بلکہ اپوزیشن بھی اعتماد کرے،نظام وقتی طور پر نہیں بلکہ دائمی بنانا ہوگا۔ پیر کو وزیر اعلیٰ ہاوس میںسندھ یوتھ کارڈ کے اجرا کی تقریب سے خطاب میں بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ سیاستدانوں کو عوام کے اعتماد اور امید کو برقرار رکھنا ہوگا، نوجوانوں کو اعتماددلانا ہوگا کہ یہ نظام ان کیلئے ہے کسی اور کیلئے نہیں، میں20سال سے پاکستان کی سیاست میں ہوں، کچھ عرصے سے پارلیمنٹ میں بھی ہوں، آج اگر میں مایوس ہوں تو پاکستان کے دیگر نوجوانوں کی کیا حالت ہوگی، جمہوری سیٹ سے ہی پارلیمنٹ کی بالادستی بحال کرنی ہے، عدلیہ کا اعتماد اور الیکشن کا وقار بحال کرنا ہے ، انتقام کی بجائے حالات درست کرنے کیلئے کام کیا جائے، عوام کا اعتماد پارلیمنٹ، عدلیہ، میڈیا پر اعتماد بحال کرنا ہوگا، پاکستان میں ایسا یونائیٹڈ فرنٹ قائم کیا جائے جو تمام مسائل حل کرے تو پھر کوئی پرواہ نہیں، اگر پاکستان متحد ہو تو کسی بھی آفت اور بحران کا مقابلہ کرلیں گے، اگر آپس میں لڑتے رہے اور مزید تقسیم ہوتے رہے تو ہم کسی بحران کا مقابلہ کرنے کے قابل نہیں رہیں گے، اگر ایسا ہوا تو یہی نوجوان ہم سے حساب مانگیں گے کہ آپ نے ہمیں بحران سے نکالنےکےلیے کیا کیا، اگر مجھ سے سوال کیا گیا تو میں جواب دوں گا کہ میری نیت اچھی تھی، میں نے اپنے تن من سے کوشش کی کہ ملکی حالات بہتر ہوں۔ اگر کامیاب ہوا تو پاکستان کے حالات بہتر ہوں گے اور ناکام ہوا تو بھی تاریخ لکھے گی کی ایک نوجوان کھڑا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ جو نوجوان ملک میں یا بیرون ملک تعلیم کیلئے جانا چاہتے ہیں اس کو اس کارڈ سے مالی مدد پہنچائیں گے، سندھ میں تمام نوجوانوں کو یہ سہولت پہنچانے کیلئے پرعزم ہیں۔