اسلام آباد(صالح ظافر) قطر نے پاکستانی شہریوں کے لیے ویزا آن ارائیول کی سہولت رواں ہفتے بحال کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ پاکستان میں قطر کے سفیر علی مبارک علی عیسیٰ الخاطر نے پیر کی شام ایک خصوصی گفتگو میں دی نیوز/جنگ کو بتایا کہ ویزوں پر عائد پابندیاں اسی ہفتے ختم کردی جائیں گی۔قطری سفیر نے کہا کہ پاکستانی حکومت اور عوام کی جانب سے ویزا سہولت بحال کرنے کی درخواست کی گئی تھی، جسے قطر کی حکومت نے برادر ملک کے عوام کی خواہش کے احترام میں قبول کرلیا ہے۔واضح رہے کہ مغربی ایشیا میں علاقائی کشیدگی کے باعث قطر نے 31 مارچ 2026ء کو پاکستانی شہریوں کے لیے ویزا آن ارائیول کی سہولت معطل کردی تھی، جس کے بعد آن لائن اور حیا ویزا پراسیسنگ میں بھی تاخیر کی شکایات سامنے آئی تھیں۔ذرائع کے مطابق بحال ہونے والی 30 روزہ سیاحتی ویزا سہولت کے تحت قیام میں مزید 30 روز کی توسیع بھی ممکن ہوگی، تاہم اس کے لیے واپسی کا کنفرم ٹکٹ، کم از کم 6 ماہ کی میعاد والا پاسپورٹ اور 5 ہزار قطری ریال یا مساوی مالیت کا قابلِ قبول کریڈٹ کارڈ درکار ہوگا۔پاکستان سے براہِ راست آنے والے مسافروں کے لیے پولیو ویکسینیشن سرٹیفکیٹ، ڈسکور قطر کے ذریعے ہوٹل کی بکنگ اور منظور شدہ ہیلتھ انشورنس کی شرائط بھی لاگو ہوں گی۔ یہ سہولت ملازمت یا معاوضے کے عوض کام کرنے کے لیے نہیں ہوگی۔