اسلام آباد(رپورٹ:رانامسعود حسین)سپریم کورٹ نے محض شک وشبہ کی بنیاد پر سرکاری ملازمین کے میڈیکل سرٹیفکیٹوں کوجعلی قرار دے کر ان کی برطرفی یا پنشن روکنے کو غیر قانونی قرار دے دیا ، فیصلہ کے مطابق طبی بنیادوں پر نااہل سرکاری ملازم وہی ہے جسے میڈیکل بورڈ جسمانی یا ذہنی طور پر مستقل فرائض کے لیے نااہل قرار دے، عدالت نے پنجاب سروس ٹربیونل کا فیصلہ برقرار رکھتے ہوئے برطرفی سے 27اکتوبر 2025کے ٹربیونل کے فیصلے تک کے عرصہ کو فریقین کی رضامندی سے بغیر تنخواہ چھٹی (EOL) قرار دیا ہے۔،جسٹس محمد علی مظہر اور جسٹس شاہد بلال حسن پر مشتمل بینچ نے سیکرٹری آبپاشی پنجاب کی اپیلوں پر 15صفحات کا تحریری فیصلہ جاری کیا ، یاد رہے کہ محکمہ آبپاشی پنجاب نے حمزہ مختار، فیض احمد، خادم حسین اور رانا محمد گلفام سمیت دیگر ملازمین کے حق میں پنجاب سروس ٹربیونل کے 27اکتوبر 2025کے فیصلے کو سپریم کورٹ میں چیلنج کیا تھا، محکمہ نے ملازمین کے دو گروپوں کے خلاف مبینہ جعلی میڈیکل انویلیڈیشن سرٹیفکیٹس کے ذریعے فوائد حاصل کرنے پر کارروائی کی تھی، پہلے گروپ (طبی بنیادوں پر ریٹائر ہونے والے ملازمین) کو پنشن رولز 1963 کے رول 1.8(a) کے تحت سزا دی گئی تھی جبکہ دوسرے گروپ (1974کے رولز کے رول 17-A کے تحت بھرتی ہونے والے ملازمین)کو ملازمت سے برطرف کر کے تنخواہوں کی واپسی کا حکم جاری کیا گیا تھا۔