اسلام آ باد ( رانا غلام قادر) وفاقی حکومت نے کرپشن کے خطرات سے متعلق قومی جائزہ رپورٹ جاری کر دی ہے، کوئی بھی ادارہ ویری ہائی یا ایکسٹریملی ہائی رسک بینڈ میں نہیں آیا،بجلی تقسیم کار کمپنیاں کرپٹ ترین ادارے،ایف بی آر کا دوسرا نمبر اور سی ڈی اے کا تیسرا نمبر، فہرست میں پاسکو چوتھے ، این ایچ اےپانچویں،پاکستان ریلوے چھٹے، بی آئی ایس پی ساتویں، پاکستان پوسٹ آٹھویں، ایس این جی پی ایل نویں اور ای ٹی پی بی دسویں نمبر پر رہا،رپورٹ میں 56ادارہ جاتی ٹائپالوجیز، 10کراس کٹنگ گورننس ٹائپالوجیز اور 18 ریگولیٹری ٹائپالوجیز کی نشاندہی ،کوئی بھی ادارہ ویری ہائی یا ایکسٹریملی ہائی رسک بینڈ میں نہیں آیا۔ 25 اداروں میں سے 1ادارہ ہائی رسک، 3ادارے سبسٹینشل رسک، 14ادارے ماڈریٹ رسک جبکہ 7ادارے لو رسک بینڈ میں آئے۔اہم سوال یہ ہے کہ ٹاپ ٹین ادارے کون ہیں ؟؟؟ ڈسکوز 61اعشاریہ1اسکور کے ساتھ سب سے زیادہ رسک والے ادارے قرار پائے ہیں، صرف ڈسکوز ہائی رسک بینڈ میں آیا۔ رپورٹ میں خطرات کم کرنے کیلئے 396اقدامات پر مشتمل منصوبہ تجویز کیا گیا ہے۔رپورٹ وزیراعظم کے معاشی گورننس اصلاحات کے ریفارم ایکشن 11کے تحت تیار کی گئی۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ سب سے زیادہ رسک والے 10اداروں میں ایف بی آر 54 اعشاریہ4اسکور کے ساتھ دوسرے، سی ڈی اے 49اعشاریہ5اسکور کے ساتھ تیسرے، پاسکو 47 اعشاریہ ایک اسکور کے ساتھ چوتھے اور این ایچ اے 43عشاریہ4 اسکور کے ساتھ پانچویں نمبر پر ہے،اسی طرح پاکستان ریلوے 41اعشاریہ1 اسکور کے ساتھ چھٹے، بی آئی ایس پی 40اعشاریہ1 اسکور کے ساتھ ساتویں، پاکستان پوسٹ 39اعشاریہ9 اسکور کے ساتھ آٹھویں، ایس این جی پی ایل39 اعشاریہ3 اسکور کے ساتھ نویں اور ای ٹی پی بی 39اعشاریہ3 اسکور کے ساتھ دسویں نمبر پر رہا، رپورٹ میں 56 ادارہ جاتی ٹائپالوجیز، 10 کراس کٹنگ گورننس ٹائپالوجیز اور 18 ریگولیٹری ٹائپالوجیز کی نشاندہی کی گئی ہے۔ غیر شفاف پروکیورمنٹ تمام 10 اداروں میں سب سے عام کمزوری قرار دی گئی ہے،ریونیو لیکیج کا رسک 9 اداروں میں، کمزور ری کنسیلیشن کا رسک 9 اداروں میں، ایمبیزلمنٹ کا رسک 7 اداروں میں، بے قاعدگیوں اور جعل سازی کا رسک 6 اداروں میں اور گھوسٹ مستحقین کا رسک 4 اداروں میں نشاندہی کیا گیا ہے،نگرانی کا مشترکہ مسئلہ کمزور فالو تھرو ہے، فیصلے ہوتے ہیں مگر سزا، ریکوری اور اصلاح نہیں ہوتی،رپورٹ کے مطابق 146 اقدامات قلیل مدتی، 159 اقدامات درمیانی مدتی اور 91 اقدامات طویل مدتی ہیں۔ اصلاحات میں میرٹ پر تقرریاں، ڈیجیٹل نظام کی طرف منتقلی اور ڈیٹا شیئرنگ شامل ہے،عملدرآمد کی نگرانی قومی تخفیف مانیٹرنگ کمیٹی کرے گی جس کے کنوینر وزیر قانون و انصاف ہوں گے، ماسٹر رجسٹر 60 روز کے اندر اور ادارہ جاتی منصوبے 90 روز کے اندر منظور کیے جائیں گے۔وزیراعظم اور وفاقی کابینہ کی منظوری کے بعد رپورٹ کا عوامی ورژن شائع کیا جائے گا۔