• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بین الاقوامی قانون کا احترام اور اقوام متحدہ منشور کی پاسداری کی جانی چاہیے، اسحاق ڈار

اسلام آباد( نیو زرپورٹر) نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ بین الاقوامی قانون کا احترام اور اقوام متحدہ کے منشور کے اصولوں کی پاسداری کی جانی چاہیے، بھارت کی جانب سے سندھ طاس معاہدے کو یکطرفہ طور پر معطل رکھنے کا فیصلہ بین الاقوامی قانون کی سنگین خلاف ورزی اور مشترکہ آبی وسائل کو بطور ہتھیار استعمال کرنے کی ایک خطرناک کوشش ہے، یہ اقدام پاکستان کے 25 کروڑ عوام کی آبی، غذائی اور توانائی کی سلامتی کیلئے خطرہ ہے۔ ان خیالات کا اظہار نائب وزیر اعظم نے پیر کو یہاں پرتگال کے وزیر خارجہ پالو رینجل کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے پرتگال کی کمپنیوں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کے مواقع تلاش کرنے کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ پرتگالی کمپنیوں کوخصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل کا تعاون حاصل ہوگا۔ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے کہا کہ دونوں ملکوں کا مشترکہ ورکنگ گروپ تجارت میں رکاوٹوں کی نشاندہی اور اقدامات کیلئے کام کرے گا۔ نائب وزیراعظم نے پرتگال کے وزیر زراعت اور بحری امور کو جلد پاکستان آنے کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور پرتگال کے درمیان سرمایہ کاری کے تحفظ کی مفاہمتی یادداشت پر دستخط ہوں گے، طے پانے والے معاہدے کاروباری و سرمایہ کاری روابط کو مزید مضبوط بنائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور پرتگال کے درمیان فٹ بال کے شعبہ میں تعاون بڑھانے پر اتفاق ہوا ہے۔
اہم خبریں سے مزید