• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سندھ یوتھ کارڈ افتتاح، 15 تا 29 سال کے ایک لاکھ نوجوان مستفید ہوں گے

کراچی ( اسٹاف رپورٹر)سندھ حکومت نے ’سندھ یوتھ کارڈ‘ کا افتتاح کر دیا ، یہ پروگرام ابتدائی طور پر سندھ کے تمام30اضلاع میں 15 سے 29سال کی عمر کے ایک لاکھ نوجوانوں کو فائدہ پہنچائے گا تفصیلات کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے پیر کووزیر اعلیٰ ہاوس میں سندھ یوتھ کارڈ کا افتتاح کیا جو نوجوانوں کو بااختیار بنانے کا ایک تاریخی اقدام ہے جس کا مقصد نوجوانوں کو ایک ہی ڈیجیٹل پلیٹ فارم کے ذریعے تعلیم، روزگار، مالی شمولیت، ہنر کی ترقی اور کاروباری مواقع سے جوڑنا ہے۔ یہ پروگرام ابتدائی طور پر سندھ کے تمام 30اضلاع میں 15سے 29سال کی عمر کے ایک لاکھ نوجوانوں کو فائدہ پہنچائے گا جبکہ اس کا وسیع تر ہدف مستفید ہونے والوں کی تعداد دس لاکھ تک بڑھانا ہے۔ رجسٹریشن 23نومبر سے شروع ہو رہی ہے۔ یہ کارڈ سہولیات کا ایک مربوط پیکج پیش کرتا ہے، جس میں ڈیجیٹل بینک اکاؤنٹس اور ویزا ڈیبٹ کارڈز، اسکالرشپس، پیشہ ورانہ اور ڈیجیٹل ہنر کی تربیت، 180سے زائد شراکت دار کاروباروں پر رعایتیں، ٹرانسپورٹ میں رعایتی سہولیات، ملازمتوں کی فراہمی، معاوضہ والی انٹرنشپس اور کاروباری معاونت شامل ہیں، جن میں پانچ لاکھ روپے تک کے مجوزہ سود پر سبسڈی والے قرضے بھی شامل ہیں۔ افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ سید مراد علی شاہ نے سندھ یوتھ کارڈ کو ایک روایتی کارڈ سے کہیں بڑھ کر قرار دیتے ہوئے اسے نوجوانوں کو صوبے کے ترقیاتی ایجنڈے کے مرکز میں رکھنے کا ایک عملی عزم قرار دیا۔ انہوں نے کہا سندھ اور پاکستان کا مستقبل ان مواقع پر منحصر ہے جو ہم آج اپنے نوجوانوں کے لئے پیدا کرتے ہیں۔ وہ محض کل کے رہنما نہیں ہیں؛ وہ آج بھی ترقی، جدت اور تبدیلی کی ایک اہم قوت ہیں۔ وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ یہ اقدام رکاوٹوں کو دور کرنے کے لئے تیار کیا گیا ہے تاکہ معاشی حالات یا سماجی پس منظر کے بجائے صلاحیت، قابلیت اور عزم نوجوانوں کے لئے دستیاب مواقع کا تعین کریں۔
اہم خبریں سے مزید