• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

معاشی ترقی اور خوشحالی میں پیشہ ور ماہرین کا کردار اہم ہے‘ یوسف رضا گیلانی

ملتان (سٹاف رپورٹر) چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ پاکستان کی معیشت کو مضبوط بنانے اور خوشحال مستقبل کی تشکیل کیلئے باصلاحیت‘ ذمہ دار اور جدید تقاضوں سے ہم آہنگ پیشہ ورانہ صلاحیتوں کے حامل افراد کی ضرورت ہے کامیابی کا معیار صرف تعلیمی اسناد نہیں بلکہ دیانت داری، پیشہ ورانہ اخلاقیات اور معاشرے میں مثبت کردار ادا کرنا ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ملتان میں انسٹی ٹیوٹ آف کاسٹ اینڈ مینجمنٹ اکاؤنٹنٹس آف پاکستان (آئی سی ایم اے) کی 36 ویں کانووکیشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ رواں سال آئی سی ایم اے کیلئے خصوصی اہمیت کا حامل ہے کیونکہ ادارہ اپنے قیام 1951ء سے اب تک کے 75 سالہ شاندار سفر کی ڈائمنڈ جوبلی منا رہا ہے۔ آئی سی ایم اے نے ملک کے کارپوریٹ سیکٹر، صنعت، مالیاتی نظم و نسق اور معاشی ترقی کیلئے اعلیٰ تربیت یافتہ ماہرین تیار کرنے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ ادارے کی ڈائمنڈ جوبلی محض تاریخی سنگ میل نہیں بلکہ تعلیم، پیشہ ورانہ دیانت داری اور قومی تعمیر کیلئے 75سالہ خدمات کا اعتراف ہے‘سید یوسف رضا گیلانی نے آئی سی ایم اے پاکستان کے صدر محمد یاسین اور ادارے کی قیادت کو پیشہ ورانہ تعلیم کے فروغ، اکاؤنٹنگ کے شعبے کو مستحکم بنانے اور مستقبل کے کاروباری رہنماؤں کی تیاری کیلئے کی جانیوالی کوششوں پر سراہا۔ انہوں نے پیشہ ورانہ تعلیم مکمل کرنیوالے طلبہ کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ آج کا دن ان کی زندگی کا ایک اہم سنگ میل ہے، تاہم گریجویشن ان کے سفر کا اختتام نہیں بلکہ نئی ذمہ داریوں اور مواقع کا آغاز ہے۔انہوں نے فارغ التحصیل طلبہ پر زور دیا کہ وہ اپنی پیشہ ورانہ زندگی میں ذاتی کامیابی کے ساتھ ملک و قوم کی ترقی میں اپنا کردار ادا کرنے کو بھی ترجیح دیں۔ ان کی حقیقی کامیابی صرف اپنی ذات کیلئے حاصل کردہ کامیابیوں میں نہیں بلکہ ملک کیلئے ان کی خدمات میں مضمر ہے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر آئی سی ایم اے پاکستان محمد یاسین نے ادارے کی تاریخ اور ملک کیلئے اس کی خدمات پر روشنی ڈالی۔اس موقع پر آئی سی ایم اے کے نائب صدر محمد عبد القیوم، سابق چیئرمین غلام مصطفیٰ قاضی، جوائنٹ ڈائریکٹر آئی سی ایم اے ملتان ثمینہ کیانی، چیئرمین آئی سی ایم اے ملتان برانچ وقاص خالد اور دیگر فیکلٹی ممبران بھی موجود تھے۔قبل ازیں چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے کامیاب ہونیوالے طلبہ میں اسناد اور یادگاری شیلڈز تقسیم کیں-
ملتان سے مزید