• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

فالج‘ دماغ و اعصاب کے مریضوں کو جدید طبی سہولیات کی فراہمی کیلئے اقدامات

ملتان (سٹاف رپورٹر) حکومت پنجاب نے صوبے بھر میں فالج اور دماغ و اعصاب کے امراض میں مبتلا مریضوں کو جدید طبی سہولیات کی فراہمی کیلئے اقدامات شروع کر دئیے ہیں۔ اس سلسلے میں محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن میں 100 بستروں پر مشتمل سٹروک اینڈ نیورو سائنسز سینٹرز کے قیام اور بڑے سرکاری ہسپتالوں میں نیورولوجی و نیورو سرجری کی سہولیات کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے حوالے سے اجلاس منعقد ہوا، جس کی صدارت صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے کی‘ اجلاس میں متعلقہ حکام نے مجوزہ منصوبے پر بریفنگ دی۔ اجلاس میں نشتر ہسپتال ون اینڈ ٹو ملتان، الائیڈ ہسپتال فیصل آباد اور راولپنڈی میڈیکل یونیورسٹی میں جدید نیورو سائنسز مراکز قائم کرنے کی تجویز کا جائزہ لیا گیا، جبکہ پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف نیورو سائنسز لاہور کو صوبے بھر میں معیاری نیورو سائنسز سہولیات کی فراہمی کیلئے ماڈل بنانے کی تجویز بھی پیش کی گئی۔ مجوزہ مراکز میں چوبیس گھنٹے ایمرجنسی نیورو سرجری، جدید نیورولوجی و نیورو سرجری سروسز اور آپریشن کے بعد خصوصی طبی نگہداشت فراہم کی جائیگی۔ منصوبے کا مقصد جنوبی، وسطی اور شمالی پنجاب کے مریضوں کو اپنے علاقوں میں بروقت اور معیاری علاج کی سہولیات فراہم کرنا ہے، جبکہ اس پر 6 سے 12 ماہ میں عملدرآمد کی حکمت عملی تجویز کی گئی ہے۔جبکہ صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے وژن کے مطابق حکومت صوبے بھر میں نیورو کے مریضوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کیلئے کوشاں ہے۔اجلاس میں سپیشل سیکرٹری ڈویلپمنٹ احمد کمال مان، سپیشل سیکرٹری آپریشنز نبیلہ عرفان، ایڈیشنل سیکرٹری ڈاکٹر ستائش، ڈائریکٹر پی آئی ٹی بی نوشین فیاض، سینیئر پلاننگ آفیسر فاطمہ نورین سمیت دیگر افسران نے شرکت کی، جبکہ وائس چانسلر نشتر میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر مہناز خاکوانی، پروفیسر قاسم بشیر، پرنسپل فیصل آباد میڈیکل کالج پروفیسر ڈاکٹر خرم اور دیگر ماہرین ویڈیو لنک کے ذریعے شریک ہوئے۔
ملتان سے مزید