اسلام آباد(شکیل انجم /نیوزرپورٹر)وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے سوشل میڈیاپر غلط معلومات اور جعلی خبروں کو بڑاخطرہ قراردیتے ہوئے کہاہے کہ آن لائن مواد کے حوالے سے ریاست نے چار واضح ریڈ لائنز مقرر کر رکھی ہیں جن میں دہشت گردی‘ نفرت انگیز تقاریر‘ تشدد پر اکسانا اور بچوں کا جنسی استحصال شامل ہیں‘آزادی اظہارکی آڑ میں کسی کو بھی ریاست کی مقرر کردہ ریڈ لائنز عبور کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی‘سوشل میڈیا پر جھوٹے بیانیے کا فروغ ہر صورت روکنا ہوگا‘مجوزہ نظام کے تحت سوشل میڈیا پلیٹ فارمز‘ اوور دی ٹاپ (او ٹی ٹی) سروسز اور بڑے مواد تخلیق کرنے والوں کو اتھارٹی کے ساتھ لازمی رجسٹرڈ ہونا ہوگا‘ ہر پلیٹ فارم پاکستان کیلئے بااختیار نمائندہ بھی نامزد کرے گا‘ پاک آئی ڈی ایپ کے ذریعے سائبر کرائم شکایات کی نگرانی کی جائے گی‘قانون پر عملدرآمد مرحلہ وار ہوگا ‘پہلے متعلقہ پلیٹ فارمز سے رابطہ کیا جائے گا، پھر نوٹس جاری ہوگا اور اس کے بعد کارروائی کی جائے گی۔کسی پورے پلیٹ فارم کو بلاک کرنا آخری آپشن ہوگا ۔حکومت 30دسمبر کو اقدامات پر عمل درآمد کا جائزہ لے گی‘ریاستی اداروں اور عوام کے خلاف گمراہ کن پروپیگنڈا کرنے والوں کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا‘غلط معلومات اور ڈیپ فیکس سے نمٹنا ضروری ہے۔وہ منگل کو یہاں بین الاقوامی سیمینار سے خطاب کررہے تھے ۔