اسلام آباد ( رانا غلام قادر) پاکستان کے پہلے خلاباز محمد ذیشان علی چین کے خلائی اسٹیشن (CSS) تیانگونگ کیلئے ایک تاریخی خلائی پرواز پر آج بدھ کی صبح روانہ ہو ں گے۔ چائنا مینڈ اسپیس ایجنسی (CMSA) کی قیادت اور سپارکو (SUPARCO) کی شراکت داری سے شروع ہونے والا یہ مشن پاکستان کی انسانی خلائی تحقیق کے میدان میں ایک اہم پیش رفت ہے۔بطور پے لوڈ اسپیشلسٹ (Payload Specialist) محمد ذیشان علی کی بنیادی ذمہ داری خلائی اسٹیشن پر بے وزنی کی کیفیت (Microgravity) میں پاکستان کے سائنسی تجربات انجام دینا ہوگی۔ پاکستانی جامعات اور محققین کے اشتراک سے تیار کیے گئے ان تجربات میں میٹریل سائنس، فلوئیڈ فزکس، حیاتیاتی علوم اور بائیوٹیکنالوجی کے اہم شعبے شامل ہیں، جن کے نتائج موسمیاتی لچک، غذائی تحفظ اور صنعتی جدت کے فروغ میں معاون ثابت ہو سکتے ہیں۔ان تجربات میں سے ایک اہم تجربہ خلاء میں زندگی کے تسلسل کے لیے گرین مائیکرو فیکٹریز کا قیام ہے، جس کے تحت مائیکرو الجی (Microalgae) کی افزائش کا مطالعہ کیا جائے گا تاکہ اسے مستقبل کے طویل دورانیے کے خلائی مشنز کے لیے غذائیت کے ممکنہ ذریعے اور آکسیجن کی پیداوار میں استعمال کیا جا سکے۔دیگر تین سائنسی تجربات چین کے خلائی اسٹیشن کے بیرونی تجرباتی ماڈیولز پر نصب کیے جائیں گے، جہاں یہ ایک سال تک خلائی ماحول کے اثرات کا سامنا کریں گے۔ ان میں کوئنوا (Quinoa) کے بیجوں کی بقا اور پائیداری پر بے وزنی اور کائناتی شعاعوں کے اثرات کا جائزہ، خود مرمت کرنے والے مائیکرو کیپسول پر مبنی کمپوزٹ میٹریلز کی خلاء میں مرمت کی صلاحیت کا مطالعہ، جبکہ ہائبرڈ کمپوزٹ میٹریلز کی خلاء کے بیرونی ماحول میں پائیداری اور مزاحمت کا جائزہ شامل ہے۔