• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اسلام آباد (چوہدری محمد زبیر بشیر )خلائی مشن آج صبح 8 بج کر 18 منٹ پر روانہ ہوگا ،"لانگ مارچ 2 ایف کیریئر" راکٹ شعلے اگلتا ہوا آسمان کی طرف بلند ہوگا، اس کی نوک پر "شینزو 24" ہوگا،پاک فضائیہ کے ونگ کمانڈر محمد ذیشان علی پہلے پاکستانی ہوں گے جو بیرونی مدار میں قدم رکھیں گے ،سفر میں ذیشان کے ساتھ مشن کمانڈر میجر جنرل تانگ بونگ اور اسپیس فلائٹ انجینیئر کرنل وو بھی ہوں گے۔بدھ کی صبح، مقامی وقت کے مطابق 8 بج کر 18 منٹ پر، شمال مغربی چین کے جیوچوان سیٹلائٹ لانچ سینٹر سے ’لانگ مارچ 2 ایف کیرئر‘ راکٹ شعلے اگلتا ہوا آسمان کی طرف بلند ہوگا۔ اس کی نوک پر ’شینزو 24‘ ہوگا، اور اس کے اندر ایک ایسا پاکستانی ہوگا جس کی منزل اس زمین سے کہیں اوپر ہے۔ پاک فضائیہ کے ونگ کمانڈر محمد ذیشان علی وہ پہلے پاکستانی بننے جا رہے ہیں جو زمین کی کشش اور فضا کا حصار توڑ کر بیرونی مدار میں قدم رکھیں گے۔ وہ چین کے خلائی اسٹیشن ’تیانگونگ‘ کا سفر کرنے والے پہلے غیر ملکی خلا باز بھی ہوں گے۔ ایک ہی پرواز، دو تاریخی اعزاز۔انسان نے جب سے آسمان کی نیلگوں وسعت کو دیکھا ہے، ستاروں پر کمند ڈالنا اس کا سب سے حسین خواب رہا ہے۔ اب یہ خواب بائیس کروڑ پاکستانیوں کی آنکھوں میں حقیقت بن کر اتر رہا ہے۔ جس قوم کو اکثر مشکلات، بحرانوں اور مایوس کن سرخیوں کے حوالے سے یاد کیا جاتا ہے، اس کا ایک بیٹا آج ستاروں کے درمیان اپنے وطن کا پرچم لے کر جا رہا ہے۔ یہ خبر صرف سائنسی کامیابی کی نہیں، قومی اعتماد کی بھی ہے۔چائنا مینڈ اسپیس ایجنسی کے ترجمان اور سینئر انجینئر چانگ جنگ بو کے مطابق ایندھن بھرنے سمیت تمام تکنیکی اور حفاظتی مراحل منظم انداز میں آگے بڑھ رہے ہیں۔ مدار میں پہنچنے کے بعد ’شینزو 24‘ خودکار نظام کے تحت محض ساڑھے تین گھنٹے میں تیانگونگ کے مرکزی حصے ’تیانہے‘ سے جڑ جائے گا۔

اہم خبریں سے مزید