اسلام آباد (رانامسعود حسین)ترکیہ کی عدالت عظمی(کورٹ آف کیسیشن)کے صدر عمر کرکیز کی قیادت میں سات رکنی اعلیٰ سطح عدالتی وفد نے منگل کو سپریم کورٹ‘وفاقی آئینی عدالت اور سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے دورے کیے اور پاکستان و ترکیہ کے درمیان عدالتی، قانونی اور ثقافتی تعاون کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا ہے ، ترک عدالتی وفد نے دارالحکومت میں مصروف دن گزارا، وفد کے اراکین نے چیف جسٹس پاکستان جسٹس یحییٰ آفریدی کے ہمراہ سپریم کورٹ کے احاطہ میں دو طرفہ دوستی کی علامت کے طور پر پودا لگایاجبکہ وفاقی آئینی عدالت کے چیف جسٹس جسٹس امین الدین خان، جج صاحبان اور رجسٹرار سے ملاقات کی‘چیف جسٹس امین الدین خان نے ترک مہمانوں کو یادگاری سووینیرزپیش کیے، وفد کی سپریم کورٹ بارایسوسی ایشن آمد پر صدر سید امجد علی شاہ اور ایگزیکٹو کمیٹی نے مہمانوں کو روایتی پگڑیاں اور ٹوپیاں پہنا کر پرتپاک استقبال کیا،صدر عمر کرکیز نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان آ کر ایسا محسوس ہو رہا ہے جیسے ہم اپنے بھائیوں کے گھر آئے ہیں۔