اسلام آباد(کامرس رپورٹر) وفاقی حکومت نے ملٹی لیٹرل انوسٹمنٹ گارنٹی ( میگا)کی ضمانت پر 50کروڑ ڈالر کی ٹریڈ فنانس سہولت کے لیے عالمی قرضے کے حصول کا فیصلہ کیا ہے اور عالمی قرضے کا نیا راستہ تلاش کیاہے، حکومت نے جے پی مورگن ، کومرز بنک اور سٹینڈرڈ چارٹرڈ بنک پر مشتمل کنسورشیم کو مالیاتی شراکت دار منتخب کر لیاگیا ہےوفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب نے عالمی بینک گروپ کے رکن ادارے ملٹی لیٹرل انویسٹمنٹ گارنٹی ایجنسی (میگا)کی ضمانت سے 50 کروڑ ڈالر کی ٹریڈ فنانس سہولت کے حوالے سے بین الاقوامی بینکوں کے کنسورشیم کی اعلیٰ قیادت اور میگا کے نمائندوں کے ساتھ ورچوئل اجلاس منعقد کیا۔مسابقتی انتخابی عمل اور نو بین الاقوامی مالیاتی اداروں سے بولیاں موصول ہونے کے بعد وزارت خزانہ نے حکومت کے لیے اس سہولت کے مالیاتی شراکت داروں کے طور پر جن بینکوں کا انتخاب کیا ہے ان میں کمرز بینک , جے پی مورگن ,سٹینڈرڈ چارٹرڈ بینک ایک سالہ اس مالیاتی سہولت کی مدت میں مسلسل ایک، ایک سال کی بنیاد پر مزید توسیع کی جا سکے گی، جس کے تحت ضروری درآمدات اور تجارت سے متعلق اخراجات کی مالی معاونت فراہم کی جائے گی۔یہ لین دین حکومت پاکستان کی جانب سے میگا کے ٹریڈ فنانس پروگرام کے تحت پہلی مرتبہ کریڈٹ اضافےکی سہولت حاصل کرنے کا اقدام ہے، جبکہ کمرز بینک اور جے پی مورگن کی جانب سے حکومت پاکستان کو تجارتی بنیادوں پر قرض فراہم کرنے میں بھی یہ پہلی شرکت ہوگی۔ان بینکوں کا انتخاب حکومت پاکستان کو پیش کردہ سب سے زیادہ مسابقتی مالیاتی شرائط کی بنیاد پر کیا گیا ہے۔ بین الاقوامی مالیاتی اداروں کی جانب سے بھرپور دلچسپی اور شرکت پاکستان کے بہتر ہوتے ہوئے معاشی منظرنامے اور پائیدار ترقی کی جانب پیش رفت پر بڑھتے ہوئے اعتماد کی عکاسی کرتی ہے۔