اسلام آباد(خالدمصطفیٰ) پاکستان چین کی سالانہ درآمدات میں صرف ایک فیصد حصہ حاصل کرکے اپنی برآمدات 2.7 ارب ڈالر سے بڑھا کر 27 ارب ڈالر تک پہنچا سکتا ہے، جبکہ اسٹینڈرڈ چارٹرڈ بینک نے پاکستان کے دوسرے پانڈا بانڈ کے اجرا میں بھی شرکت کی خواہش ظاہر کردی ہے۔اسٹینڈرڈ چارٹرڈ بینک پاکستان کے چیف ایگزیکٹو آفیسر عادل صلاح الدین نے اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ چین کی مجموعی درآمدات میں پاکستان کا حصہ اس وقت صرف 0.1 فیصد ہے، جس سے پاکستانی مصنوعات کے لیے چینی منڈی میں وسیع امکانات کا اندازہ لگایا جاسکتا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ بینک پاکستان اور چین کے کاروباری اداروں کو اب تک تقریباً ایک ارب ڈالر کی مالی معاونت فراہم کرچکا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ پاکستان آئندہ چند ماہ میں 25 کروڑ ڈالر کے پہلے پانڈا بانڈ کے بعد دوسرا بانڈ بھی جاری کرسکتا ہے۔ بینک نے اس سلسلے میں وزارت خزانہ سے بات چیت کی ہے اور نئے اجرا میں شرکت میں دلچسپی ظاہر کی ہے۔