کراچی( خالد محبوب…اسٹاف رپور)امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن نے کہاہے کہ پٹرول کی عالمی قیمتیں کم ہونے کے باوجود عوام کو ریلیف نہیں ملا، بلاول زرداری کا نئے صوبوں کے مطالبے پر خون کی ندیاں بہنے کا کہنا کسی بھی قومی سطح کے سیاسی رہنما کے شایانِ شان نہیں، انہیں دھمکیوں کی بجائے دلیل، آئین اور جمہوری اصولوں کے مطابق بات کرنی چاہئے، اس قسم کے بیانات سے مسائل حل نہیں بلکہ عوام میں بے چینی بڑھے گی ، عوام کو اپنے حقوق حاصل کرنے کے لئے عوامی دباؤ اور اجتماعی جدوجہد کا راستہ اختیار کرنا ہوگا،29نومبر کو مینار پاکستان لاہور، 12دسمبر کو پشاور اور 20دسمبر کو کراچی میں عظیم الشان جلسہ عام منعقد کئے جائیں گے۔ حافظ نعیم الرحمن نے ادارہ نورحق میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جماعت اسلامی کے سوا کوئی سیاسی جماعت عوامی مسائل پر مؤثر انداز میں بات نہیں کررہی، جب عوام کے مسائل حل، حقوق، بلدیاتی اداروں کو اختیارات اور وسائل فراہم نہیں کئے جائیں گے تو نئے انتظامی یونٹس کی بات ضرور ہوگی۔