• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان! کاروباری اعتماد میں نمایاں کمی؛ اوورسیز انویسٹرز چیمبرز سروے نتائج جاری

اسلام آ باد ( رانا غلام قادر)پاکستان میں کاروباری اعتماد میں نمایاں کمی ہوگئی،اوورسیز انویسٹرز چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے سروے جاری کردیا۔ او آئی سی سی آئی کے بزنس کانفیڈنس سروے کے مطابق عالمی سیاسی کشیدگی، امریکا اور ایران کے درمیان جنگ، مشرق وسطیٰ کی صورتحال اور ملکی معاشی دباؤ کے باعث پاکستان میں کاروباری اعتماد میں نمایاں کمی آئی ہے، جبکہ غیر ملکی سرمایہ کاروں کا اعتماد بھی منفی سطح پر آگیا ہے اور اس میں مجموعی کاروباری برادری کے مقابلے میں زیادہ گراوٹ ریکارڈ کی گئی ہے،ستمبر اور اکتوبر 2026 میں ملک بھر میں کیے گئے سروے کے نتائج کے مطابق کاروباری اعتماد 36 فیصد پوائنٹس کی کمی کے بعد گزشتہ سروے کے مثبت 13 فیصد سے کم ہوکر منفی 23 فیصد ہوگیا، غیر ملکی سرمایہ کاروں کے اعتماد میں اس سے بھی زیادہ کمی ہوئی، جہاں او آئی سی سی آئی کے ارکان کا بزنس کانفیڈنس 55 فیصد پوائنٹس کم ہوکر مثبت 28 فیصد سے منفی 27 فیصد ہوگیا، جو مجموعی کاروباری برادری کے مقابلے میں غیر ملکی سرمایہ کاروں کے اعتماد کے زیادہ منفی ہونے کی عکاسی کرتا ہے،سروے کے نتائج پاکستان کے کاروباری ماحول کی عکاسی کرتے ہیں، کیونکہ یہ ملک کے بڑے اور چھوٹے شہروں میں مینوفیکچرنگ، خدمات اور ریٹیل کے شعبوں سے وابستہ کاروباری اداروں کی آرا پر مبنی ہیں، جو مجموعی طور پر پاکستان کی جی ڈی پی کا تقریباً 80 فیصد حصہ رکھتے ہیں،کاروباری اعتماد میں کمی کی اہم وجوہات میں توانائی اور ایندھن کی بڑھتی قیمتیں، مہنگائی، کاروباری اخراجات میں اضافہ، سیکیورٹی خدشات، عالمی سیاسی کشیدگی اور حکومتی پالیسیوں میں غیر یقینی صورتحال شامل ہیں۔اگرچہ معیشت کے بعض اہم اشاریوں میں بہتری آئی ہے، تاہم سروے کے نتائج سے ظاہر ہوتاہے کہ یہ بہتری کاروباری ماحول اور سرمایہ کاروں کے اعتماد میں نمایاں بہتری لانے میں کامیاب نہیں ہوسکی،سروے کے مطابق ریٹیل اور ہول سیل شعبے میں کاروباری اعتماد سب سے زیادہ 45 فیصد پوائنٹس کم ہوکر مثبت 20 فیصد سے منفی 25 فیصد ہوگیا،اسی طرح مینوفیکچرنگ شعبے میں اعتماد 34 فیصد پوائنٹس کی کمی سے منفی 25 فیصد، جبکہ خدمات کے شعبے میں 31 فیصد پوائنٹس کم ہوکر منفی 17 فیصد پر آگیا۔ اس طرح تینوں شعبوں میں کاروباری اعتماد منفی ہوگیا ہے۔

اہم خبریں سے مزید