سکھر (بیورو رپورٹ) ضلع سکھر میں 43 کچی آبادیاں ڈکلیئر، 1987 ایکٹ کے تحت 15 کچی آبادیوں کو نوٹی فائیڈ کردیا گیا، جلد مالکانہ حقوق دینے کا مرحلہ شروع ہونے کی توقع ہے، گھروں کے مالکانہ حقوق ملنے کی آس لگائے بیٹھے لوگوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی۔ میونسپل کارپوریشن سکھر انتظامیہ نے کچی آبادیوں کی نئی فہرست جاری کردی ہے، جس کے مطابق مجموعی طور پر 43کچی آبادیاں ڈکلیئر کی گئی ہیں، 15کچی آبادیوں کو نوٹی فائیڈ کیا گیا ہے۔ سکھر میں 34، روہڑی میں 8 اور پنوعاقل میں ایک کچی آبادی ہے، 1987 ایکٹ کے تحت وسپور کالونی، بابن شاہ کالونی، نصرت کالونی نمبر پانچ، چھ، پیر مکی شاہ کالونی، کمہار پاڑاں، ملٹری کوارٹر، ریجنٹ کالونی، پاک کالونی، نیو گوٹھ کالونی، شمس آباد جیئل شاہ کالونی، گول ٹکری بھوسہ لائن سمیت دیگر علاقوں کو کچی آبادی کے طور پر نوٹی فائیڈ کردیا گیا ہے. میونسپل ذرائع کا کہنا ہے کہ ابتدائی طور پر سکھر کی 15 کچی آبادیوں کو نوٹی فائیڈ کیا گیا ہے جبکہ دیگر کچی آبادیوں کو نوٹی فائیڈ کرنے کے حوالے سے بھی کام جاری ہے۔