• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سندھ اسمبلی، طلبا یونین انتخابات کرانے کی قرارداد منظور، اپوزیشن کی بعض قراردادیں مسترد

کراچی ( اسٹاف رپورٹر)سندھ اسمبلی، ایوان نے طلبا یونین انتخابات کرانے سے متعلق قرارداد منظور کرلی ، طلاق یافتہ خواتین کو معاوضہ دینے کی قرارداد مسترد ،تفصیلات کے مطابق سندھ اسمبلی کا اجلاس منگل کو اسپیکر سید اویس قادر شاہ کی زیر صدارت شروع ہوا۔ ایوان میں پرائیوٹ ممبرز ڈے کے موقع پر جماعت اسلامی کے رکن محمد فاروق کی طلبہ یونین انتخابات کرانے سے متعلق قرارداد متفقہ طورپرمنظور کرلی گئی جبکہ اپوزیشن ارکان کی بعض قراردادیں مسترد کردی گئیں۔ اس موقع پر وزیر جامعات و بورڈز اسماعیل راہو نے کہا کہ طلبہ کو سیاست میں آنا چاہئے۔ ایم کیو ایم کے رکن صابر قائم خانی نے بھی قراردادکا خیر مقدم کیا۔ محکمہ زکٰوۃسے متعلق وفقہ سوالات کے دوران صوبائی وزیرریاض شاہ شیرازی نے ارکان کے مختلف تحریری اور ضمنی سوالوں کے جواب دیئے۔ایوان کی کارروائی کے دوران جماعت اسلامی کے رکن محمد فاروق نے سندھ کی جامعات میں طلبہ یونین کے انتخابات فوری کروانے کے لیے قرارداد پیش کی ۔ انہوں نے کہا کہ طلبہ یونین کی بحالی کے باوجود یونین کے انتخابات نہیں کروائے جا رہے، سندھ حکومت جلد از جلد انتخابات کی تاریخ کا اعلان کرے۔وزیر جامعات و بورڈز اسماعیل راہو نے کہا کہ طلبہ یونین ایکٹ کے حوالے سے پاکستان پیپلز پارٹی کو اعزاز حاصل ہےکہ اس نے اسے پاس کرایا۔ انہوں نے کہا کہ یہ ایکٹ چیئرمین پی پی پی کے وژن کے تحت کیا گیا تھا، طلبہ کو سیاست میں آنا چاہیے، اس ایکٹ کے تحت تمام یونیورسٹیوں کو قوانین بنانے کی متعدد بار ہدایت کی گئی ہے، یونیورسٹی امور میں زیادہ مداخلت نہیں کر سکتے، یونیورسٹیوں میں طلبہ کی مختلف سوسائٹیاں اور کونسل بھی بنی ہوئی ہیں، طلبہ یونین کا سوسائٹی اور کونسل نعم البدل نہیں ہے، یونیورسٹیز کو جلد از جلد قوانین بنا کر انتخابات کروانے چاہئیں۔اسپیکر سندھ اسمبلی اویس قادر شاہ نے کہا کہ اس ایوان نے طلبہ یونین کی بحالی کے حوالے سے ہمیشہ بات کی ہے، یہ ایوان اور پاکستان پیپلز پارٹی طلبہ یونین کے حق میں ہیں۔محمد فاروق نے کہا کہ پورے پاکستان میں صرف صوبہ سندھ میں طلبہ یونین پر پابندی ہٹائی گئی ہے، اسمبلی خود قوانین بنا کر یونیورسٹیوں سے عملدرآمد کروائے، 1984 سے 2004 تک طلبہ یونین پر ضیا الحق کے دور میں پابندی عائد کی گئی تھی، طلبہ یونین ہوتی ہیں تو جھگڑے کم ہوتے ہیں۔ ایم کیو ایم کے رکن صابر قائم خانی نے کہا کہ آج تین تعلیمی اداروں سے تعلق رکھنے والے طلبہ سندھ اسمبلی آئے ہیں، بے نظیر یونیورسٹی لیاری ہم سب کا دل ہے، میں یہاں آنے والے تمام بچوں کو خوش آمدید کہتا ہوں، سندھ اسمبلی نے اس حوالے سے بڑی زبردست قانون سازی کی ہے۔
اہم خبریں سے مزید