• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اغوا برائے تاوان، پولیس افسران ملوث، گرفتار انسپکٹر نے نام اگل دیئے

کراچی (اسٹاف رپورٹر)شہری کو سرکاری پولیس موبائل میں اغوا کرنے اور ایک کروڑ روپے تاوان وصول کرنے کے ہائی پروفائل مقدمے میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔ گرفتار اینٹی وہیکل لفٹنگ سیل (اے وی ایل سی) لیاقت آباد کے انسپکٹر رسول بخش کٹھیان اور اس کے ساتھی فیصل صداقت نے دورانِ تفتیش اپنے مزید ساتھیوں اور پولیس افسران کے نام اگل دیئے ہیں۔پولیس ذرائع کے مطابق ملیر کینٹ پولیس کے ہاتھوں گرفتار ہونے والے انسپکٹر رسول بخش کٹھیان ولد مولا بخش اور اس کے ساتھی فیصل صداقت سے ہونے والی تفتیش میں انکشاف ہوا ہے کہ اس منظم واردات میں ڈی ایس پی اے وی ایل سی امجد بھی مبینہ طور پر شامل تھا۔ مزید برآں ایس ایس پی اے وی ایل سی کا ریڈر محسن، اے وی ایل سی لیاقت آباد کا ہیڈ کانسٹیبل تیمور، پولیس کانسٹیبل انعام اور دانش عرف سمیر سمیت دیگر نامعلوم ملزمان بھی اس کیس کے اہم کردار نکلے ہیں۔ ذرائع کے مطابق 14 نومبر کو محمد شان ولد غلام یاسین نامی شہری کو ملیر کینٹ تھانے کی حدود سے سرکاری پولیس موبائل میں اغوا کیا گیا تھا۔ ملزمان نے مغوی سے کہا کہ اس نے تین کروڑ روپے کا گھر فروخت کیا ہے، لہٰذا رہائی کے بدلے 20کروڑ روپے تاوان طلب کیا گیا۔24 گھنٹے تک حبسِ بے جا میں رکھنے کے بعد ملزمان نے ایک نجی یونیورسٹی کے قریب کچرہ کنڈی پر مغوی کے کزن آصف سے ایک کروڑ روپے تاوان وصول کیا اور شان کو رہا کر دیا۔ تاہم اغوا کاروں نے تاوان لینے کے بعد مزید رقم کا بھی مطالبہ کیا اور انکار پر مغوی کی گاڑی، آئی فون اور دیگر قیمتی سامان بھی چھین لیا۔ ملیر کینٹ پولیس نے متاثرہ شہری کی مدعیت میں اغوا کا مقدمہ درج کر کے اسکی نشاندہی پر انسپکٹر رسول بخش اور فیصل صداقت کو گرفتار کیا، جس کے بعد کیس کی تفتیش اینٹی وائلنٹ کرائم سیل (اے وی سی سی) کو منتقل کر دی گئی ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ مقدمہ درج ہوتے ہی کیس کا اہم ملزم اور ایس ایس پی کا ریڈر محسن کراچی سے فرار ہو گیا، جس پر ماضی میں بھی کرپشن کے الزامات لگتے رہے ہیں۔ دوسری جانب، اغوا برائے تاوان کے اس سنگین معاملے پر ڈی ایس پی امجد کو معطل کر دیا گیا ہے جبکہ پولیس کے اعلیٰ حکام کی جانب سے واقعے کی مزید انکوائری جاری ہے۔
اہم خبریں سے مزید