کراچی ( اسٹاف رپورٹر) ڈپٹی گورنر اسٹیٹ بینک سلیم اللہ نے کہا کہ مصنوعی ذہانت (اے آئی) پر مبنی بینکاری کیلئے اسٹیٹ بینک کی گائیڈ لائنز تیار کرلی گئی ہیں، جو اس وقت داخلی منظوری کے مراحل میں ہیں، منظوری کے بعد ان پر عمل درآمد کیا جائے گا،تفصیلات کے مطابق پاکستان میں جدید اور ذہین بینکاری کے فروغ کے لیے سسٹمز لمیٹڈ کے زیر اہتمام ’’بینک آف دی فیوچر فورم‘‘ کے 15ویں ایڈیشن کا انعقاد کراچی کے ایک مقامی ہوٹل میں کیا گیا۔ اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے ڈپٹی گورنر سلیم اللہ نے تقریب سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بتایا کہ مصنوعی ذہانت کے ممکنہ خطرات سے نمٹنے کے لیے بھی رہنما اصول مرتب کیے گئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اے آئی ٹیکنالوجی صارفین کو بہتر بینکاری خدمات فراہم کرنے اور مالیاتی نظام میں جدت و تیزی لانے کا اہم ذریعہ ہے۔ بینکوں کو اس ٹیکنالوجی کا استعمال ذمہ داری اور احتیاط کے ساتھ کرنا ہوگا، کیونکہ قرضوں کی منظوری، مالی فراڈ کی روک تھام اور نگرانی جیسے شعبوں میں مصنوعی ذہانت اہم کردار ادا کرسکتی ہے۔سلیم اللہ کا کہنا تھا کہ خودکار فیصلوں کے عمل میں شفافیت، جوابدہی اور صارفین کے حقوق کا تحفظ ضروری ہے۔ مالیاتی نظام کے استحکام اور جدید ٹیکنالوجی کے فروغ کو ساتھ لے کر چلنا ہوگا۔