• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ایم کیو ایم کے تحت نئے صوبوں کے قیام کیلئے رابطہ مہم، عوامی اجتماعات کا انعقاد

کراچی (اسٹاف رپورٹر) متحدہ قومی موومنٹ کے رہنماؤں نے نئے صوبوں کےقیام کو عوامی خواہش قرار دیتےہوئےکہا ہےکہ کوئی طاقت اسےنہیں روک سکتی،پیپلز پارٹی کرپشن چھپانےکیلئے ’سندھ کارڈ‘ کھیل رہی ہے، ریفرنڈم آئین کا حصہ ہے،ہمیں دھمکیاں نہ دی جائیں۔ تفصیلات کےمطابق ایم کیو ایم پاکستان کے تحت نئے انتظامی یونٹس اور صوبوں کے قیام کیلئے عوامی رابطہ مہم کے سلسلے میں شہر کے مختلف علاقوں میں عوامی اجتماعات کا انعقاد کیا گیا۔ اجتماعات سےسینئر رہنما ڈاکٹر فاروق ستار، سابق میئر کراچی وسیم اختر، مرکزی رکن کامران فاروق، سندھ اسمبلی میں پارلیمانی لیڈر افتخار عالم، اراکینِ صوبائی اسمبلی جمال احمد، عبدالوسیم، وسیم آفتاب اور سلیم تاجک نے خطاب کیا۔مقررین نے مشترکہ مؤقف اختیار کرتے ہوئے کہا کہ پیپلز پارٹی اپنی کرپشن چھپانے کیلئےایک بار پھر ’سندھ کارڈ‘ کھیل رہی ہے، تاہم اسے ناکامی کا سامنا کرنا پڑے گا۔ رہنماؤں نے دوٹوک الفاظ میں کہا کہ نئے صوبوں اور انتظامی یونٹس کے قیام کو اب کوئی طاقت نہیں روک سکتی۔اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا کہ ہمیں دھمکیاں نہ دی جائیں، نئے صوبوں کا قیام عوام کی حقیقی خواہش ہے اور اس مقصد کیلئے ریفرنڈم آئینِ پاکستان کا حصہ ہے۔سابق میئر کراچی وسیم اختر نے چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ انہیں خود اپنی جماعت کی سیاسی تاریخ کا علم نہیں ہے۔ ماضی کے مشکل ادوار اور پی ٹی آئی و عمران خان کے حوالے سے ان کے سابقہ بیانات اور آج کے مؤقف میں کھلا تضاد نظر آتا ہے۔ وسیم اختر نے مزید کہا کہ ہم بھی نہیں چاہتے کہ عمران خان جیل میں رہیں، لیکن سیاست میں اصول اور تسلسل ہونا ضروری ہے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ سیاسی اختلافات کو دھمکیوں اور خون خرابے کی نہج پر نہیں لے جانا چاہئے۔دریں اثناء، ایم کیو ایم میرپورخاص ڈسٹرکٹ کے انچارج خالد تبسم اور جوائنٹ ڈسٹرکٹ انچارجز آفاق احمد خان، سلیم میمن و دیگر نے میئر میرپورخاص رؤف غوری کی جانب سے ایم کیو ایم کے خلاف بیانات پر سخت ردعمل دیتےہوئے تین برس کے دوران ملنے والے بھاری فنڈز اور پیپلز پارٹی کے 18 یوسی چیئرمینوں و دو ٹاؤن چیئرمینوں کی کارکردگی کا حساب مانگتے ہوئے میئر کے خلاف سرکاری فنڈز میں مبینہ خورد برد اور اختیارات کے ناجائز استعمال کی فوری انکوائری کرانے کا بھی مطالبہ کیا۔
اہم خبریں سے مزید