اسلام آباد(جنگ رپورٹر)وفاقی آئینی عدالت نے سندھ ہائی کورٹ کے فیصلے کے خلاف دائر ایک اپیل کا فیصلہ جاری کرتے ہوئے قرار دیا ہے کہ تھرڈ پارٹی کنٹریکٹر کے ذریعے کام کرنے والا ملازم مستقل ہونے کا حق دار نہیں ہے،جسٹس عامر فاروق کی سربراہی میں جسٹس روزی خان بڑیچ اورجسٹس سید ارشد حسین شاہ پر مشتمل تین رکنی فل بنچ نے30 ستمبر2026کو کیس کی سماعت مکمل کی ،جس کا18 صفحات پر مشتمل اکثریتی فیصلہ جسٹس عامر فاروق نے تحریر کیا ہے جبکہ جسٹس ارشد حسین شاہ نے اختلافی نوٹ لکھا ہے،جسٹس عامر فاروق اورجسٹس روزی خان بڑیچ کی جانب سے جاری کثریتی فیصلہ کے مطابق طویل ملازمت یا نو ماہ سے زائد کا عرصہ ملازم کو ازخود ریگولرائزیشن کا حق نہیں دیتا اور قانون یا پالیسی کے بغیر مستقل کرنے کا کوئی حق نہیں ہے، فیصلے میں قراردیا گیا ہے کہ عدالت کو ملازم کو ریگولرائز کرنے کا اختیار حاصل نہیں ہے اور تھرڈ پارٹی معاہدہ کے تحت کام کرنے والے ملازم کو مستقل ورک مین تسلیم کرنا معاہدے کی نفی کے مترادف ہے۔