• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کوشش ہے پاکستانی عدلیہ عالمی معیار کے برابر لائیں، چیف جسٹس آئینی عدالت

اسلام آباد (رپورٹ:رانا مسعود حسین) وفاقی آئینی عدالت کے چیف جسٹس، مسٹر جسٹس امین الدین خان نے کہا ہے کہ وفاقی آئینی عدالت میں بنیادی طور پر آئینی نوعیت کے مقدمات زیرِ سماعت آتے ہیں ،مقدمات کے التواء کے بجائے بروقت انصاف کی فراہمی ہمارا عزم ہے ، ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کے روز پاکستان بار کونسل کے زیرِ اہتمام وفاقی آئینی عدالت کی پہلی سالگرہ کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا، تقریب میں سپریم کورٹ اور ہائیکورٹس کے جج صاحبان ،اہم قانونی شخصیات کی شرکت ،سپریم کورٹ بار کے صدر امجد علی شاہ و دیگر کا خطاب ،چیف جسٹس امین الدین خان نے خطاب کرتے ہوئے پاکستان بار کونسل اور وکلا ء برادری کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ میرا خیال تھا کہ آج کی تقریب صرف عشائیہ تک محدود ہوگی، انہوں نے گزشتہ روز ترکیہ کی اعلیٰ عدلیہ کے چیف جسٹس کے دور وفاقی آئینی عدالت کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ پاکستان کا عدالتی معیار عالمی معیار کے برابر لایا جائے، عدالتی کارکردگی پر روشنی ڈالتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ وفاقی آئینی عدالت کے قیام کے بعد سپریم کورٹ سے 24 ہزار مقدمات یہاں منتقل ہوئے ہیں، جس سے سپریم کورٹ کے ججوں کو عام سائلین کے مقدمات سننے کا بھرپور موقع ملا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ وفاقی آئینی عدالت نے اپنے پہلے ہی سال میں 9 ہزار مقدمات کے فیصلے کیے ہیں،وفاقی وزیرِ قانون، اعظم نذیر تارڑ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وفاقی آئینی عدالت کا قیام وقت کی اہم ضرورت اور سیاسی و وکلا قیادت کا مشترکہ مطالبہ تھا۔ انہوں نے واضح کیا کہ 27ویں آئینی ترمیم کی ایک ایک شق پر وکلا ء کے اجتماع میں کھل کر بحث ہوئی اور ان کی تجاویز شامل کرنے کے بعد بل پارلیمنٹ میں پیش کیا گیاتھا جبکہ سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے حالیہ انتخابات میں بھی وکلا ء نے پارلیمنٹ کے اختیارات کے حق میں فیصلہ سنا دیا ہے،وزیرِ قانون نے ماضی کے عدالتی فیصلوں اور آرٹیکل 184(3) کے استعمال پر سوالات اٹھاتے ہوئے استفسار کیا کہ سابق وزیراعظم کو پھانسی کی سزا سنانے والے بینچ میں وفاقی اکائیوں کی نمائندگی کیا تھی؟ اور کیا اشیائے خورونوش کی قیمتیں مقرر کرنا عدلیہ کی ذمہ داری ہے؟ ان کا کہنا تھا کہ قیمتوں کا تعین عدلیہ کا نہیں بلکہ انتظامیہ کا اختیار ہے۔ انہوں نے مثال دیتے ہوئے کہا کہ اگر سپریم کورٹ ایک ہی نوعیت کے سیاسی یا آئینی مقدمات میں مصروف رہتی تو بکریاں فروخت کر کے اپیل دائر کرنے والے "محمد بوٹا" جیسے عام شہریوں کو انصاف کب ملتا؟ انہوں نے اطمینان کا اظہار کیا کہ سپریم کورٹ اور اس کے ججوں نے اس تبدیلی کو قبول کیا ہے، جس سے آج عام شہری اس اعتماد کے ساتھ عدالت میں آتا ہے کہ اس کے مقدمہ کی سماعت ضرور ہوگی،پاکستان بار کونسل کے وائس چیئرمین پیر مسعود چشتی نے ججوں کی محنت کو سراہتے ہوئے کہا کہ محدود وسائل، ذاتی عمارت اور عملے کی کمی کے باوجود پرانی عمارت کو عدالتی امور کے قابل بنایا گیا اور بھرتی و انتظامی معاملات حل کیے گئے، جس میں وفاقی وزیرِ قانون اعظم نذیر تارڑ نے ہر سطح پر بھرپور تعاون کیا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ نئے مقدمات کے ساتھ ساتھ پرانے مقدمات کو ترجیحی بنیادوں پر نمٹانے کی موجودہ رفتار برقرار رہی تو جلد ہی پرانے مقدمات کا بوجھ مکمل ختم ہو جائے گا،سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے صدر امجد علی شاہ نے وفاقی آئینی عدالت کا ایک سال مکمل ہونے کو ملکی عدالتی نظام کے لیے ایک اہم سنگِ میل قرار دیتے ہوئے کہاکہ اس عدالت کا قیام وکلا برادری کا دیرینہ مطالبہ تھا اور بنیادی سہولیات کی عدم دستیابی کے باوجود عدالت نے کامیابی سے کام کا آغاز کیا، جس سے مقدمات کی سماعت اور فیصلوں کے عمل میں نمایاں تیزی آئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن عدالت اور اس کے ججوں کی ایک سالہ کارکردگی سے مکمل مطمئن ہے۔پاکستان بار کونسل کے ممبر احسن بھون ایڈوکیٹ نے عدالت کی کارکردگی کو قابلِ ستائش قرار دیتے ہوئے کہا کہ ماضی میں سائلین کو انصاف کے لیے نسلوں تک انتظار کرنا پڑتا تھا، مگر وفاقی آئینی عدالت نے ایک سال میں ہزارہاء مقدمات نمٹا کر اس روایت کو بدل دیا ہے۔

اہم خبریں سے مزید