پشاور (نیوز رپورٹر) انسداد دہشت گردی پشاور کی خصوصی عدالت نے 9 مئی 2023 کو ریڈیو پاکستان کی عمارت پر حملہ کرنے کے مقدمے میں غیر فعال وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی اور عامر خان چمکنی کے خلاف اشتہاری کارروائی نہ کرنے کی درخواستوں پر سماعت کرتے ہوئے آئی جی خیبرپختونخوا پولیس سے دونوں ملزمان کے لاپتہ ہونے اور ان کے بارے میں معلومات سے متعلق رپورٹ طلب کرلی ہے۔درخواستوں کی سماعت انسداد دہشت گردی عدالت کے جج ولی محمد خان نے کی، جس کے دوران ریڈیو پاکستان کے وکیل شبیر حسین گیگیانی ایڈووکیٹ بھی عدالت میں پیش ہوئے۔سماعت کے دوران درخواست گزاروں کے وکیل انعام یوسفزئی نے موقف اختیار کیا کہ سہیل آفریدی اور عامر خان چمکنی حفاظتی تحویل میں ہیں، اس لیے ان کے خلاف اشتہاری کارروائی نہ کی جائے۔ انہوں نے عدالت کو بتایا کہ پولیس اور دیگر متعلقہ حکام کی جانب سے میڈیا پر بھی دونوں رہنماؤں کے حفاظتی تحویل میں ہونے سے متعلق خبریں سامنے آئی ہیں۔انعام یوسفزئی نے مزید بتایا کہ تین دیگر ملزمان کامران بنگش، تیمور سلیم جھگڑا اور عرفان سلیم کو ضمانت پر رہائی کے باوجود تین ایم پی او کے تحت گرفتار کیا گیا ہے۔اس موقع پر ریڈیو پاکستان کے وکیل شبیر حسین گیگیانی ایڈووکیٹ نے درخواستوں کی مخالفت کرتے ہوئے موقف اختیار کیا کہ انعام یوسفزئی سہیل آفریدی اور عامر خان چمکنی کے وکیل نہیں ہیں جبکہ دوسری جانب پشاور ہائیکورٹ میں حفاظتی ضمانت کی درخواستیں دائر کی جا رہی ہیں۔ تاہم بعد ازاں انہوں نے بھی اس بات سے اتفاق کیا کہ آئی جی پولیس سے رپورٹ طلب کی جائے کہ دونوں ملزمان کہاں ہیں۔عدالت نے دلائل سننے کے بعد آئی جی خیبرپختونخوا سے وزیراعلیٰ سہیل آفریدی اور عامر خان چمکنی کے لاپتہ ہونے سے متعلق رپورٹ طلب کرلی۔