پشاور(کرائمرپورٹر) تھانہ ریگی کے علاقے ملاکنڈھیر قبرستان میں اسلامیہ کالج یونیورسٹی کے طالبعلم کے قتل میں مبینہ طو رپر سی ٹی ڈی اہلکار ملوث نکلا، پولیس نے ملزم کو گرفتار کرلیا جس نے ذاتی عناد پر طالبعلم کو فائرنگ کرکے قتل کردیا تھا۔ گزشتہ روز ایس پی ورسک طیب جان نے ایس ایچ او عاقب کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایاکہ 5اکتوبر کو رضوان اللہ ولد نصر اللہ ساکن ملاکنڈھیرنے 25سالہ بھائی آفتاب اللہ کے قتل کی رپورٹ کی ۔مقتول حسب سابق صبح گھرسے موٹرسائیکل پر اسلامیہ کالج نکلا جس کی بعدازاں نعش ملاکنڈھیر قبرستان سے ملی ۔مقتول اردوڈیپارٹمنٹ میں تھرڈائیرکا طالبعلم تھا جس سے موبائل چھیناگیا تاہم موٹرسائیکل اور پرس موجود تھا۔ ایس پی نے بتایاکہ مقتول کے چچا جو سی ٹی ڈی اہلکار تھااسے بھی نامعلوم افراد نے 2025میں قتل کیا تھا،بعد میں ملزم سی ٹی ڈی مقابلے میں ماراگیا تھا۔پولیس نے اس پہلو پر بھی تفتیش کی تاہم مقتول کے 10سالہ کزن حمدان سے تفتیش کی تو اس نے ملزم کی نشاندہی کی۔ پولیس کاکہناہے کہ قتل الزام میں سی ٹی ڈی اہلکار فرحت ملوث ہے ، وجہ عناد یہ تھی کہ ملزم کی حمدان سے دوستی تھی اور اسے موبائل فون بھی لیکر دیا تھا ، یہی بات آفتاب نے اس کے گھروالوں کو بتائی اورراز افشاں کرنے کا ملزم کو رنج تھا۔ ملزم کے خلاف دعویداری کے بعد مقدمہ درج کرکے اسے عدالت میں بھی پیش کردیا گیا۔ پولیس کی ابتدائی تحقیقات کے مطابق مقتول آفتاب کالج کے بعد گھر اور پھرکرکٹ کھیلنے ملاکنڈھیر قبرستان کے قریب گراونڈجاتا جہاں وہ چچا کے قبر پر حاضری بھی دیتا۔پولیس کاکہناہے کہ قتل کیس ٹریس کرنے کیلئے 20سے 25رشتہ داروں کو شامل تفتیش کیا گیا،دوران تفتیش ملزم نے بتایاکہ اس نے مبینہ طو رپر مقتول کو جائے وقوعہ پر بلایاکہ دونوں چچاکی قبرپر دعاکیلئے جاتے ہیں، جہاں اس نے اسے دوگولیاں فائرکرکے اس کا موبائل بھی لے گیا اور وہاںنہر میں دونوں پھینک دی تھی جس کی ریکوری جاری ہے۔