• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

گلیات میں بے ہنگم تعمیرات پر عدالت برہم ،2ماہ میں پالیسی وضع کرنے کا حکم

پشاور (نیوز رپورٹر) پشاور ہائیکورٹ نے سیاحتی مقام گلیات میں بے ہنگم تعمیرات، جنگلات کی کٹائی اور ماحولیاتی تباہی کے خدشات کے پیش نظر صوبائی حکومت کو دو ماہ کے اندر جامع ماحولیاتی پالیسی تیار کرکے عدالت میں پیش کرنے کا حکم دیا ہے۔ عدالت نے گلیات کے جنگلات، قدرتی ماحول اور حیاتیاتی تنوع کے تحفظ کیلئے ماہرین پر مشتمل ہائی پاور کمیٹی تشکیل دینے، تعمیراتی ضوابط پر نظرثانی اور علاقے کی ماحولیاتی برداشت کے مطابق زوننگ کرنے کی ہدایت کی ہے۔ عدالت نے ڈی جی گلیات ڈویلپمنٹ اتھارٹی کو تمام منظور شدہ ہوٹلوں، موٹلز اور رہائشی و تجارتی عمارتوں کا مکمل ریکارڈ کمیٹی کو فراہم کرنے کا حکم دیتے ہوئے کیس کی مزید سماعت 19جنوری 2027لتوی کر دی۔ پشاور ہائیکورٹ کے جسٹس سید ارشد علی اور جسٹس بابر ستار پر مشتمل ڈویژن بنچ نے گلیات کے جنگلات اور ماحولیاتی تحفظ سے متعلق دائر رٹ درخواست کی سماعت کی ۔ عدالت نے قرار دیا کہ گلیات جیسے حساس ماحولیاتی خطے میں تعمیراتی ضوابط صرف انجینئرنگ یا عمارتوں کے ساختی پہلوؤں کو مدنظر رکھ کر مرتب نہیں کیے جاسکتے بلکہ ماحولیاتی تحفظ، حیاتیاتی تنوع، شہری و علاقائی منصوبہ بندی اور پائیدار ترقی کے ماہرین کی شمولیت بھی ضروری ہے۔ عدالت نے کیس کی مزید سماعت 19جنوری 2027تک ملتوی کرتے ہوئے حکومت کو ہدایت کی کہ مقررہ مدت کے اندر جامع پالیسی، رپورٹ اور نظرثانی شدہ تعمیراتی ضوابط عدالت میں پیش کیے جائیں۔
پشاور سے مزید