پشاور(جنگ نیوز)زرعی یونیورسٹی پشاور کی ہونہار اسکالر ڈاکٹر ریحانہ یسمین نے پروفیسر ڈاکٹر نذیر احمد خان کی زیرِ نگرانی اینیمل نیوٹریشن (Animal Nutrition) میں پی ایچ ڈی مکمل کرلی۔ ان کے تحقیقی مقالے کی پاکستان، ترکی اور چین کے ممتاز پروفیسرز نے توثیق کی۔ڈاکٹر ریحانہ یسمین نے اپنا تحقیقی مقالہ بعنوان "Quantifying the Nutritional Value, Digestibility, and Methane Production Potential (In Vitro) of Indigenous Fodder Trees" پیش کیا، جس میں مقامی چارہ دار درختوں کی غذائی افادیت، ہاضمے کی صلاحیت اور میتھین کی پیداوار کے امکانات کا سائنسی جائزہ لیا گیا ہے۔ دفاعی سیمینار کے دوران اسکالر نے شرکاء اور ماہرین کی جانب سے اٹھائے گئے سوالات کے مدلل جوابات دیے اور کامیابی سے اپنے تحقیقی مقالے کا دفاع کیا۔اس موقع پر قائم مقام وائس چانسلر زرعی یونیورسٹی پشاور، پروفیسر ڈاکٹر سرزمین خان (فل برائٹر) اور ڈین پروفیسر ڈاکٹر عبدالرحمن نے ڈاکٹر ریحانہ یسمین اور ان کے سپروائزر پروفیسر ڈاکٹر نذیر احمد خان کو اس اہم علمی کامیابی پر مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر ریحانہ یسمین نے مسلسل محنت، لگن اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے معیاری اور مفید تحقیق مکمل کی ہے، جس کے مثبت نتائج زراعت اور لائیو اسٹاک کے شعبوں میں سامنے آئیں گے۔ انہوں نے اس امر پر زور دیا کہ تحقیقی کام کو محض کتابوں اور الماریوں تک محدود رکھنے کے بجائے اسے عوامی اور قومی مفاد کے لیے عملی شکل دی جائے تاکہ تحقیق کے ثمرات عام لوگوں اور متعلقہ شعبوں تک پہنچ سکیں۔ انہوں نے طلباء پر بھی زور دیا کہ وہ علم و تحقیق کو اپنی ترجیحات میں شامل کریں اور نئے آئیڈیاز کے ذریعے علمی و سائنسی ترقی میں اپنا کردار ادا کریں۔