پشاور (جنگ نیوز) پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما آصف باغی نے کہا ہے 59ویں یوم تاسیس کے سلسلے میں 30نومبر کو پشاور میں ایک پروقار تقریب منعقد کی جائے گی، جس کے لئے پارٹی قیادت نے انتظامات مکمل کر لئے ہیں۔ تقریب میں پارٹی رہنما، کارکنان اور جیالے بڑی تعداد میں شرکت کریں گے۔آصف باغی کے مطابق، 30نومبر 1967کو شہید ذوالفقار علی بھٹو نے ایک ایسے سیاسی پلیٹ فارم کی بنیاد رکھی جس کا بنیادی مقصد عوام کو روٹی، کپڑا اور مکان کی فراہمی، جمہوریت کا فروغ اور محروم طبقات کے حقوق کا تحفظ تھا، پارٹی اسی نظریے کے تحت آج بھی عوامی حقوق، جمہوری اقدار کے استحکام اور غریب و متوسط طبقے کی خوشحالی کے لئے جدوجہد جاری رکھے ہوئے ہے۔ یوم تاسیس کی تقریب میں شہدائے جمہوریت کی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کیا جائے گا، پارٹی کی سالگرہ کا کیک کاٹا جائے گا اور پارٹی پرچم لہرایا جائے گا۔انہوں نے کارکنوں سے اپیل کی کہ وہ 30نومبر کی تقریبات میں بھرپور شرکت کریں اور پارٹی کے بانی شہید ذوالفقار علی بھٹو کے نظریات، جمہوری جدوجہد اور عوامی خدمت کے مشن سے اپنی وابستگی کا اظہار کریں۔