• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

آر ٹی آئی کے استعمال سے وکلاء اپنے مقدمات کو مضبوط بناسکتے ہیں، ارشد احمد

پشاور(جنگ نیوز)وکلائ حقِ معلومات (آر ٹی آئی) قانون سے استفادہ کرتے ہوئے دستاویزی شواہد کے ذریعے اپنے مقدمات کو مضبوط بنا سکتے ہیں، کیونکہ یہ قانون ہر شہری کی طرح انہیں بھی سرکاری اداروں کے پاس موجود معلومات اور ریکارڈ تک رسائی کا حق فراہم کرتا ہے۔ان خیالات کا اظہار خیبر پختونخوا انفارمیشن کمیشن کے انفارمیشن کمشنر ارشد احمد نے لائ کالج، یونیورسٹی آف پشاور میں معلومات تک رسائی کے قانون کے حوالے سے منعقدہ آگاہی سیشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔یہ آگاہی سیشن خیبر پختونخوا انفارمیشن کمیشن اور لا کالج، یونیورسٹی آف پشاور کے مشترکہ تعاون سے منعقد کیا گیا تھا، جس میں انفارمیشن کمشنر ارشد احمد اور کمیشن کے ڈائریکٹر (کمیونیکیشن) سید سعادت جہان نے بطور اہم مقررین شریک ہوئے۔ سیشن میں کالج کے پرنسپل ندیم فرید، کوآرڈینیٹر سوبیہ بشیر اور فیکلٹی ممبران سمیت طلبہ نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔سیشن کا مقصد قانون کے طلبہ کو خیبر پختونخوا حقِ معلومات ایکٹ کی مختلف دفعات اور اس کے عملی اطلاق سے آگاہ کرنا تھا۔ شرکاءسے خطاب کرتے ہوئے انفارمیشن کمشنر ارشد احمد نے کہا کہ حقِ معلومات قانون سرکاری اداروں میں شفافیت اور جوابدہی کو فروغ دیتا ہے۔ انہوں نے قانون کے تحت معلومات کی فراہمی سے مستثنیٰ مختلف اقسام کی معلومات کی وضاحت کی اور طلبہ کے سوالات کے جوابات دیتے ہوئے حقِ معلومات قانون کے عملی اطلاق اور قانونی پیشہ سے وابستہ افراد کے لیے اس کے مؤثر استعمال کے حوالے سے مفید رہنمائی فراہم کی۔اختتامی کلمات میں لا کالج، یونیورسٹی آف پشاور کے پرنسپل ندیم فرید نے صوبے میں حقِ معلومات قانون کے نفاذ اور قانون کے طلبہ میں آگاہی کے فروغ کے لیے کمیشن کی کوششوں کو سراہا۔
پشاور سے مزید