• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی: عالمی میڈیکل بلنگ فراڈ میں ملوث غیر قانونی کال سینٹر بے نقاب، 5 گرفتار

کراچی (اسٹاف رپورٹر) نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) کراچی زون نے بین الاقوامی سطح پر میڈیکل بلنگ فراڈ میں ملوث غیر قانونی کال سینٹر کے خلاف بڑی کارروائی کرتے ہوئے پانچ ملزمان کو گرفتار کرلیا۔ کارروائی کے دوران 15کروڑ روپے نقد، تقریباً 4کروڑ 80لاکھ روپے مالیت کی چار قیمتی گاڑیاں، 11ڈیجیٹل آلات اور تقریباً 6 کروڑ روپے مالیت کی کرپٹو کرنسی سے متعلق شواہد بھی برآمد کئے گئے۔این سی سی آئی اے کے مطابق گرفتار ملزمان 2020ء سے 2025ء تک کراچی کے علاقے شارع فیصل پر واقع ایک غیر قانونی کال سینٹر کے ذریعے امریکی شہریوں کو طبی سہولتوں اور میڈیکل انشورنس کے نام پر دھوکا دے کر مالی فراڈ میں ملوث تھے۔ ملزمان مختلف ناموں، جن میں گلوبل بزنس گروپ، فینکس مارکیٹنگ سلوشنز اور دیگر کاروباری ادارے شامل ہیں، کے تحت سرگرم تھے۔ابتدائی تحقیقات کے مطابق ملزمان امریکی شہریوں کو فون کرکے خود کو میڈیکل ایکوپمنٹ (DME) کی فراہمی اور ہیلتھ انشورنس سہولتوں سے متعلق نمائندے ظاہر کرتے اور انہیں گمراہ کرکے ان کی ذاتی و طبی معلومات حاصل کرتے تھے۔ بعدازاں ان معلومات کو استعمال کرتے ہوئے امریکا میں موجود اپنے میڈیکل بلنگ پارٹنرز کے ذریعے میڈیکیئر، ہیومانا اور یونائیٹڈ ہیلتھ کیئر سمیت مختلف اداروں میں جعلی اور غیر قانونی انشورنس کلیمز جمع کرائے جاتے تھے۔تحقیقات میں انکشاف ہوا کہ اس مبینہ فراڈ سے حاصل ہونے والی رقم غیر قانونی حوالہ ہنڈی اور دیگر ذرائع سے امریکا سے پاکستان منتقل کی جاتی تھی۔ پاکستان میں یہ رقم مختلف فرضی کمپنیوں اور کاروباری اداروں کے نام پر کھولے گئے بینک اکاؤنٹس کے ذریعے وصول کی جاتی تھی۔

ملک بھر سے سے مزید