کراچی ( نیوز ڈیسک) چین کے شہر شین ژین کی نیون روشنیوں سے جگمگاتی ہوئی ہوا چیانگ بے الیکٹرانکس مارکیٹ میں افریقا سے بنگلہ دیش تک کے خریدار ایک وقت میں درجنوں استعمال شدہ موبائل فون خریدتے ہیں، حتیٰ کہ ان کی اسکرینیں ٹوٹی ہوئی ہوں تب بھی انہیں خریدنے میں ہچکچاہٹ محسوس نہیں کرتے، کیونکہ اپنے ملکوں میں ان کی مرمت کرکے دوبارہ فروخت کرنا منافع بخش کاروبار بن چکا ہے۔پاکستانی تاجر 38 سالہ اختر محمد نے جنوبی چین کے اس شہر میں موبائل فونز کے ڈھیروں کا جائزہ لیتے ہوئے اے ایف پی کو بتایا کہ ’’پورے چین سے خراب موبائل فون یہاں لائے جاتے ہیں، ہم انہیں پاکستان میں ٹھیک کریں گے۔‘‘اس کاروبار کے لیے دستیاب فونز کی تعداد حیران کن ہے۔ دنیا میں اسمارٹ فونز کا سب سے بڑا پیداواری ملک ہونے کے ناتے چین میں ہر سال 40 کروڑ سے زیادہ موبائل فون ناکارہ قرار دے کر استعمال سے نکال دیے جاتے ہیں۔ یہ اندازہ چائنا ایسوسی ایشن آف سرکلر اکانومی نے لگایا ہے۔