کراچی( ثاقب صغیر )ایف آئی اے نے جعل سازی اور دھوکہ دہی کے ذریعے غیر قانونی سرگرمیوں کیلئے سعودی عرب جانے کی کوشش ناکام بناتے ہوئے خاتون کو آف لوڈ کر دیا۔ملزمہ خاتون کو مزیدتفتیش اور قانونی کارروائی کے لیے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل ملتان کے حوالے کر دیا گیا۔تفصیلات ایف آئی اے امیگریشن نے ملتان ایئرپورٹ پر کارروائی کرتے ہوئےمبینہ جعل سازی میں ملوث نادیہ کنول نامی خاتون مسافر کو بیرون ملک جانے سے روک دیا۔خاتون مسافر فلائٹ نمبر PF702 کے ذریعے عمرے کی ادائیگی کے لیے سعودی عرب روانہ ہو رہی تھی۔ابتدائی تفتیش کے مطابق خاتون نے امیگریشن کلیئرنس کے دوران خود کوشادی شدہ ظاہر کرتے ہوئے محمد شاہد نامی شہری کے اقامے کی دستاویزات پیش کیں۔مشکوک دستاویزات اور بیانات کی بنیاد پر خاتون کا ریکارڈ نادرا سے تصدیق کے لیے بھجوایا گیا۔نادرا ریکارڈ کے مطابق خاتون کی جانب سے پیش کردہ پاسپورٹ اور اقامہ غیر متعلقہ پائے گئے۔خاتون نے مبینہ طور پر ایجنٹ کی ملی بھگت سے ایک دوسرے شخص کو اپنا شوہر ظاہر کرتے ہوئے سعودی عرب جانے کی کوشش کی۔ملزمہ خاتون کو مزید قانونی کارروائی اور تفتیش کے لیے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل ملتان کے حوالے کر دیا گیا ہے۔