شین ژو، بیجنگ، اسلام آباد (نمائندہ جنگ) چین کے صدر شی جن پنگ نے کہا ہےکہ چینی اور پاکستانی خلابازوں کی مشترکہ خلائی مہم دیرینہ اور گہری دوستی کی نمایاں مثال ہے، دونوں ممالک خلا کے پُرامن استعمال کو فروغ دینے کیلئے پُرعزم ہیں، ادھر چین کا شینڑو 24 خلائی جہاز پاکستانی ذیشان علی کے ساتھ ساڑھے 3 گھنٹے کے سفر کے بعد کامیابی سے تیانگونگ خلائی اسٹیشن سے منسلک ہوگیا، اس طرح ونگ کمانڈر محمدذیشان علی خلائی اسٹیشن پر پہنچنے والے پہلے غیر ملکی خلا باز اور خلا میں جانے والے پہلے پاکستانی بن گئے ہیں، ذیشان علی کا روانہ ہوتے وقت قوم کو سیلوٹ کیا، ذیشان علی نے خلا میں علامہ اقبال کا شعر’’ستاروں سے آگے جہاں اور بھی ہیں‘‘ پڑھا، خلا نورد ایک ہفتے تک خلا میں موجود رہیں گے، مختلف سائنسی تجربات انجام دینگے، صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ ملکی سائنسی سفر میں اہم سنگ میل اور باعث فخر لمحہ ہے، وزیراطلاعات عطاء اللہ تارڑ نے خلائی مرکز کہکشاں کا دورہ کیا ، صدر آصف علی زرداری، وزیراعظم شہباز شریف، فیلڈ مارشل عاصم منیر، سروسز چیفس نے خلائی مشن میں پاکستان کی تاریخی شرکت پر قوم کو مبارکباد پیش کی ہے، وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان نے آج ستاروں سے آگے کا سفر شروع کردیا، یہ صرف ایک خلاباز کا نہیں بلکہ چوبیس کروڑ پاکستانیوں کا سفر ہے۔ تفصیلات کے مطابق چین کے صدر شی جن پنگ نے کہا ہےکہ چینی اور پاکستانی خلابازوں کی مشترکہ خلائی مہم دیرینہ اور گہری دوستی کی نمایاں مثال ہے۔ خبر ایجنسی کے مطابق چین اور پاکستان کے صدور نے مشترکہ خلائی مشن پر مبارک باد کا تبادلہ کیا۔ اس موقع پر چینی صدر نے کہا کہ چین، پاکستان اور دیگر ممالک کے ساتھ مل کر خلا کے پُرامن استعمال کو فروغ دینے اور خلائی تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے لیے پُرعزم ہے۔قبل ازیں چین نے شین ژو-24 انسان بردار خلائی جہاز کامیابی سے خلا میں روانہ کر دیا، جس کے ذریعے پاکستانی خلا باز محمد ذیشان علی چین کے خلائی سٹیشن تیانگونگ جانے والے پہلے غیر ملکی خلا باز بننے جا رہے ہیں۔چائنا مینڈ اسپیس انجینئرنگ آفس کے مطابق بدھ کی صبح 8 بج کر 18 منٹ پر لانگ مارچ-2 ایف یا-24 کیریئر راکٹ چین کے جیو چھوان سیٹلائٹ لانچ سینٹر سے روانہ ہوا۔ تقریبا 10 منٹ بعد شین ژو-24 خلائی جہاز کامیابی سے راکٹ سے الگ ہو کر اپنے مقررہ مدار میں داخل ہوگیا۔ حکام نے مشن کی لانچنگ کو مکمل طور پر کامیاب قرار دیا ہے۔ تین رکنی خلائی عملے میں چین کے خلاباز تانگ ہونگ بو، وو یی اور پاکستانی خلا باز محمد ذیشان علی شامل ہیں۔ مشن میں تانگ ہونگ بو کمانڈر، وو یی فلائٹ انجینئر جبکہ ذیشان علی پے لوڈ اسپیشلسٹ کی ذمہ داریاں انجام دیں گے۔خلائی جہاز طے شدہ پروگرام کے مطابق چین کے خلائی اسٹیشن تیانگونگ کے ساتھ خودکار ڈاکنگ کریگا، جسکے بعد خلاباز اسٹیشن میں داخل ہوں گے۔ پاکستانی خلا نورد ذیشان علی تقریبا پانچ سے دس روز تک خلائی اسٹیشن پر قیام کے دوران سائنسی تجربات میں حصہ لیں گے۔