کراچی (اسٹاف رپورٹر) بلوچ کالونی، کراچی ایڈمن کوآپریٹیو ہائوسنگ سوسائٹی بلاک 4 میں 6منزلہ زیر تعمیر عمارت منہدم ہوگئی جس کے نتیجے میں3افراد جاں بحق اور 14افراد زخمی ہوگئے، حادثے کے بعد امدادی اداروں نے ملبے تلے دبے ممکنہ افراد کو نکالنے کے لئے کارروائیاں جاری رکھیں۔تفصیلات کے مطابق ٹیپو سلطان تھانہ کی حدود بلوچ کالونی، کراچی ایڈمن کو آپریٹو ہائوسنگ سوسائٹی ، قبا مسجد کے قریب پلاٹ نمبر C-163، بلاک 4 پر واقع زیر تعمیر عمارت اچانک منہدم ہوگئی، جس کے نتیجے میں 3افراد جاں بحق اور 14 زخمی ہوگئے۔ حادثہ کےبعد ریسکیو اہلکاروں کی جانب سےجاں بحق افراد کی لاشیں اور زخمیوں کو جناح پوسٹ گریجویٹ میڈیکل سینٹر منتقل کردیا گیا، جہاں دو افراد کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کی گئی ۔ حادثے کے بعد ریسکیو 1122، سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی، پولیس، رینجرز، کے الیکٹرک اور سوئی سدرن گیس کمپنی کے اہلکاروں نے امدادی سرگرمیاں شروع کردیں، ڈپٹی کمشنر ایسٹ کے مطابق بدھ کو دوپہر تقریباً دو بجے پلاٹ نمبر C-163، بلاک 4، کے اے سی ایچ ایس، قبا مسجد کے قریب عمارت گرنے کی اطلاع موصول ہوئی، جس پر ڈپٹی کمشنر کراچی ایسٹ فوری طور پر جائے وقوعہ پہنچ گئے اور متعلقہ اداروں کو طلب کرکے امدادی کارروائیاں شروع کرائیں۔ کمشنر کراچی نے بھی جائے وقوعہ کا دورہ کیا اور وہاں موجود تمام متعلقہ محکموں کو ضروری ہدایات جاری کیں۔ حادثے میں زخمی ہونے والے 14 افراد کو جناح اسپتال منتقل کیا گیا، جبکہ جناح اسپتال کے شعبہ حادثات کے مطابق دو افراد کو مردہ حالت میں اسپتال لایا گیا۔ جاں بحق ہونے والوں کی شناخت 42 سالہ فرحان ولد سید عزیز اور 22 سالہ نوید ولد عزیز الرحمن کے نام سے ہوئی ہے۔