کراچی(اسٹاف رپورٹر)ایس ایم سی، جے ایس ایم یو میں کارکردگی کو مؤثر تر بنانے کے لیے موک انسپیکشن کا انعقاد،تعلیمی معیار، ادارہ جاتی نظم و معیار اور ضابطہ جاتی تقاضوں کی تکمیل کو مزید مستحکم بنانے کی کوششوں کے تحت جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی (جے ایس ایم یو) نے سندھ میڈیکل کالج (ایس ایم سی) میں دو روزہ جامع موک انسپیکشن کا انعقاد کیا، جس کا مقصد پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل (پی ایم ڈی سی) کے مقررہ معیارات کے مطابق باضابطہ معائنے سے قبل ادارے کی تیاریوں کا جائزہ لینا تھا۔اس مشق میں یونیورسٹی کے سینئر عہدیداران، فیکلٹی ممبران اور تکنیکی نمائندگان پر مشتمل ایک کثیرالشعبہ جاتی معائنہ ٹیم نے شرکت کی، جس نے تعلیمی و ادارہ جاتی انتظامات کا جائزہ لیا، سہولیات کا معائنہ کیا اور مزید بہتری کے متقاضی شعبوں کی نشاندہی کی۔کارروائی کا آغاز وائس چانسلر بورڈ روم میں ایک تعارفی اجلاس سے ہوا، جس میں پرنسپل ایس ایم سی ڈاکٹر امبرین عثمانی نے سہولت کاری کے فرائض انجام دیے۔ وائس پرنسپل ایس ایم سی ڈاکٹر نازش جعفر نے اجلاس اور معائنے کی کنوینر کی حیثیت سے خدمات انجام دیں اور اس مشق کے انتظامات اور انعقاد کی نگرانی کی۔