کراچی ( نیوز ڈیسک) گورنر سندھ سید محمد نہال ہاشمی نے کہا ہے کہ مشرقِ وسطی میں امن و استحکام کا قیام خطے کے تمام ممالک کے مفاد میں ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنر ہاؤس میں عراق کے قائم مقام قونصل جنرل عبدالحکیم عدنان صادق سے ملاقات کے دوران کیا۔ ملاقات میں پاکستان اور عراق کے دوطرفہ تعلقات، باہمی تعاون کے فروغ اور مشرقِ وسطی کی موجودہ صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔گورنر سندھ نے کہا کہ پاکستان اور عراق کے درمیان مشترکہ مذہبی، تاریخی اور ثقافتی رشتوں پر مبنی دیرینہ برادرانہ تعلقات قائم ہیں۔ دونوں ممالک کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون کے فروغ کے وسیع امکانات موجود ہیں، پاکستان خطے میں کشیدگی کے خاتمے اور پائیدار امن کے قیام کے لئے مذاکرات اور سفارت کاری کو ناگزیر سمجھتا ہے۔ ایران اور امریکہ کے درمیان مذاکرات کے لئے وزیراعظم پاکستان اور فیلڈ مارشل کی سفارتی کوششوں کو عالمی سطح پر پذیرائی مل رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ خطے میں امن کے قیام کے لئے تمام فریقین کو مذاکرات اور سفارتی ذرائع سے مسائل کے حل کی کوششیں جاری رکھنی چاہئیں۔