اسلام آباد ( طاہر خلیل، رانا غلام قادر )ملک میں جاری سیاسی کشیدگی کے دوران سیاسی عمل تیز ہوگیا، لاہور اور اسلام آباد میں حکومتی اتحادیوں کی اہم ملاقاتیں ہوئی ہیں،لاہور میں صدر آصف علی زرداری اوروزیر داخلہ محسن نقوی کی ملاقات ہوئی جس میں اہم امور پر مشاورت کی گئی،صدرمملکت وزیر داخلہ کے گھر پہنچے جہاں اسپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان بھی موجود تھے ، اس موقع پر مجموعی سیاسی صورتحال، امن و امان اور دیگر امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ دوسری جانب اسلام آباد میں پی پی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار کی ملاقات ہوئی ،نائب وزیراعظم اسحاق ڈار ،اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق اور وفاقی وزراء کے ہمراہ زرداری ہاؤس اسلام آباد پہنچے، ملاقات میں وفاقی وزیر طارق فضل چوہدری، وزیر مملکت بلال اظہر کیانی ،سینیٹر شیری رحمان اور رکن قومی اسمبلی نوید قمر چیئرمین بھی شریک تھے،چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور حکومتی وفد نے پارلیمنٹ کے آئندہ اجلاس اور ممکنہ قانون سازی کے ایجنڈے پر تبادلہ خیال کیا۔ذرائع کے مطابق ملاقات حکومت اور پیپلزپارٹی کی قیادت نے صوبوں کے معاملے پر سیاسی کشیدگی میں کمی اور باہمی مشاورت سے مل کر معاملات آگے بڑھانے پر اتفاق کیا جبکہ قومی اسمبلی اور سینیٹ کے اجلاسوں کی طلبی پر ڈیڈلاک توڑنے کیلئے اہم پیش رفت ہوئی ہے،ذرائع کے مطابق ملاقات میں نئے صو بوں کے قیام کے ایشو پر مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی کے رہنمائوں کے درمیان ہونے والی بیان بازی اور اس کے نتیجے میں پید اہونے والے تنائو پر غور کیاگیا۔ تفصیلات کے مطابق صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیر داخلہ محسن نقوی کے درمیان لاہور میں اہم ملاقات ہوئی ۔ذرائع نے بتایا کہ صدر ذرداری وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی رہائش گاہ پہنچے۔ ملاقات میں مجموعی سیاسی اور امن وامان کے حوالے سے گفتگو ہوئی، اسپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان بھی اہم ملاقات شریک ہوئے۔ذرائع نے دعویٰ کیا کہ ملاقات میں ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا، تین اہم حکومتی شخصیات کی بیٹھک میں سیاسی امور پر مشاورت کی گئی۔ دوسری جانب قومی اسمبلی اور سینیٹ کے اجلاسوں کی طلبی پر حکومت اور پیپلز پارٹی میں برقرار ڈیڈلاک توڑنے کیلئے اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار نے حکومتی وفد کے ہمراہ زرداری ہاؤس اسلام آباد میں چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری سے ملاقات کی۔چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور حکومتی وفد کے درمیان پارلیمنٹ کے آئندہ اجلاس اور ممکنہ قانون سازی کے ایجنڈے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔