اسلام آباد ( رانا غلام قادر + طاہر خلیل ) وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے ہفتہ کے روز سپارکو کا دورہ کیا جہاں انہوں نے چین کے خلائی اسٹیشن تیانگونگ پر موجود پاکستانی خلا باز محمد ذیشان علی سے ویڈیو کال پر براہ راست گفتگو کی۔اس موقع پر شہباز شریف نے پاکستانی خلا باز سے ویڈیو کال پربراہ راست گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آج کا دن 24کروڑ عوام کےلئے ایک عظیم دن ہے ، انہوں نے ونگ کمانڈر ذیشان ،چیئرمین سپارکو، ان کی ٹیم اور چین کی ا سپیس ایجنسی کو مبارکبادپیش کی ، ائیر ونگ کمانڈر سے ویڈیو کال پر گفتگو کرتے ہوئے فیلڈ مارشل نے کہا کہ ذیشان کی کامیابی پورے ملک اور مسلح افواج کیلئے باعث فخر ہے ،ائیر ونگ کمانڈر ذیشان نے اس موقع پر کہا کہ پاکستان کی نمائندگی کرنا میرے لئے ایک عظیم اعزاز ہے ، چیئرمین سپارکو نے وزیراعظم اور فیلڈ مارشل کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی سویلین اور عسکری قیادت کی مسلسل حمایت اور تعاون سے یہ تاریخی کامیابی ممکن ہوئی۔پاک چین دوستی کہکشاؤں تک جاپہنچی، پاکستانی خلا باز ذیشان علی چینی خلا بازوں کیساتھ خلا میں پہنچ گئے۔اس موقع پر نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ اور چین کے سفیر بھی موجود تھے۔تفصیلات کے مطابق پاکستانی خلا باز محمد ذیشان سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ونگ کمانڈر کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ آج کا دن ہم سب اور پاکستان کے 24 کروڑ عوام کےلئے ایک عظیم دن ہے ، ہم آپ کو پاکستان کے پہلے خلا باز بننے پر مبارکباد پیش کرتے ہیں ، آپ کے اہل خانہ ، ساتھیوں اور ان تمام ماہرین کو بھی مبارکباد پیش کرتے ہیں جنہوں نے اس تاریخی سفر کےلئے آپ کی تربیت اور معاونت کی ، اس کے ساتھ ساتھ اپنے چینی ہم سفر خلا بازوں کو بھی ہماری جانب سے گرمجوش سلام قبول ہو جن کے ساتھ آپ یہ غیر معمولی سفر طے کر رہے ہیں۔ وزیراعظم نے علامہ اقبال کے موقع کی مناسبت سے شعر ’’محبت مجھے ان جوانوں سے ہے، ستاروں پہ جو ڈالتے ہیں کمند‘‘ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ یہ لمحہ ہم سب کو علامہ اقبال کے اس معروف شعر کی یاد دلاتا ہے ، ہم سب ایسے نوجوانوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں ۔ انہوں نے ایئر ونگ کمانڈر ذیشان علی کو شاباش دیتے ہوئے کہا کہ آپ کی کامیابی نے اس نسل میں عزم و حوصلے کی نئی روح پھونک دی ہے جو حدود سے آگے بڑھنے ، نئی منزلیں تلاش کرنے اور محنت ، خلوص نیت ، مسلسل کوششوں اور غیر متزلزل عزم کے ذریعے اپنی قوم کو نئی بلندیوں تک لے جانے کے خواہشمند ہیں۔ وزیراعظم نے مزید کہا کہ چین کے ساتھ ہماری دوستی کوہمیشہ ہمالیہ سے بلند اور سمندروں سے گہری قرار دیا جاتا رہا ہے ، آج یہ دوستی آسمانوں تک بلند ہو گئی ہے ۔ وزیراعظم نے کہا کہ یہ تاریخی خلائی مشن ایسے وقت میں انجام دیا گیا ہے جب ہمارے دونوں عظیم ممالک سفارتی تعلقات کے قیام کی75ویں سالگرہ منا رہے ہیں ، اس دیر پا دوستی کو خراج تحسین پیش کرنے کا اس سے بہتر انداز اور نہیں ہو سکتا تھا۔ وزیراعظم نے کہا کہ وہ پاکستان کی حکومت اور عوام کی جانب سے چین کے صدر شی جن پنگ کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرتے ہیں جن کی بصیرت افروز قیادت اور پاکستان چین دوستی کےلئے غیر متزلزل عزم نے ہماری ہر موسم میں آزمودہ تذویراتی تعاون پر مبنی شراکت داری کو بے مثال بلندیوں تک پہنچایا ہے۔ وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا کہ ہمارے آئرن برادر چین نے اپنے خلائی پروگرام میں پاکستان کو پہلا غیر ملکی شراکت دار بننے کا اعزاز عطا کیا ہے، یہ بے مثال اقدام ہمیشہ پاکستان کے عوام کے دلوں اور ذہنوں میں نقش رہے گا۔