کراچی (اسٹاف رپورٹر)امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی کی سرپرستی میں سندھ پر مسلط سسٹم ہی کراچی کی تباہی وبربادی کا ذمہ دار ہے، سندھ حکومت نے کراچی کے اداروں اور وسائل پر قبضہ کیا ہوا ہے، اٹھارہویں ترمیم کے باوجود اختیارات ووسائل نچلی سطح پر منتقل نہیں کیے گئے، فارم13کے ذریعے بلدیاتی الیکشن اور فارم 47پرعام الیکشن میں عوام کے مینڈیٹ پر ڈاکہ ڈالا گیااور عوام کی امیدوں کا خون کیا گیا، بھائی کو بھائی سے لڑوانے کا حربہ ہر صورت ناکام ہوگا، اگر عوام کے مسائل حل نہیں ہوں گے تو انتظامی یونٹس کی بات کی جائے گی، کراچی کے شہری، اختیارات اور اپنے مسائل کا حل چاہتے ہیں۔ کراچی کے مسائل صرف اور صرف جماعت اسلامی ہی حل کرسکتی ہے۔ شہر کی تعمیر و ترقی اور ظلم کے نظام کے خاتمے کے لیے عدل کا نظام قائم کرنے کی اجتماعی جدوجہد کرنا ہوگی۔جماعت اسلامی کے بلدیاتی نمائندوں نے پیپلز پارٹی کی صوبائی حکومت کی تمام تر رکاوٹوں،اختیارات ووسائل کی کمی کے باوجود اپنے9 ٹاؤنز میں تعمیر وترقی کے کام کیے ہیں۔