کراچی (اسٹاف رپورٹر ) میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ ضلع وسطی سمیت کراچی کے مختلف علاقوں میں سڑکوں کی تعمیر و بحالی کے منصوبے جاری ہیں۔ انہوں نے ضلع وسطی کی متعدد سڑکوں اور گلیوں کی خراب حالت تسلیم کرتے ہوئے کہا کہ شہریوں کو یہ بھی دیکھنا چاہیے کہ ان کے علاقے میں ترقیاتی کاموں کی ذمے داری کس ادارے اور کس منتخب نمائندے کی ہے! ٹاؤن چیئرمین اور یونین کونسل کے چیئرمین سے بھی ان کی کارکردگی کے بارے میں سوال ہونا چاہیے۔وہ ہفتے کو یہاںنارتھ ناظم آباد میں سخی حسن اسٹریٹ کی تعمیر و بحالی اور نکاسی آب نظام کی بہتری کے منصوبے کا افتتاح کررہے تھے۔ اس موقع پر سٹی کونسل اراکین اور دیگر شخصیات بھی موجود تھیں۔ میئر کراچی نے اپنے خطاب اور ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے گفتگو میں کہا کہ سخی حسن اسٹریٹ پر 150 ملین روپے لاگت سے سڑک، ڈرینیج اور سیوریج سسٹم کی بہتری کے کام مکمل کیے اور اللہ رازی بریانی سے حیدر فوڈز تک 2,900فٹ طویل سڑک کی تعمیر و بحالی مکمل کی گئی جب کہ 0.883 کلومیٹر طویل ڈبل کیریج وے بھی تعمیر و بحال کیا گیا ہے، مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ کراچی اور صوبے کے حوالے سے مختلف معاملات پر غیر مصدقہ اطلاعات کی بنیاد پر قیاس آرائیاں کرنے کے بجائے حقائق اور باضابطہ مؤقف کا انتظار کرنا چاہیے۔